پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ جیت لی

20 جنوری 2019
پاکستان ٹیم نے مقابلہ 0-2 سے اپنے نام کیا — فوٹو، پاکستان اسکواش فیڈریشن
پاکستان ٹیم نے مقابلہ 0-2 سے اپنے نام کیا — فوٹو، پاکستان اسکواش فیڈریشن

پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ اپنے نام کرلی۔

کرکٹ کے میدان سے اچھی خبر آنے کے بعد اسکواش کے کھلاڑیوں نے بھی قوم کو ٹائٹل کی نوید سنادی۔

تھائی لینڈ کےشہر پتایا میں جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ جاری تھی جس کے فائنل میں پاکستان ٹیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہوا۔

میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس میں پاکستان کے عباس زیب اور فرحان ہاشمی کا مقابلہ بالترتیب بھارتی کھلاڑیوں اُتکرش اور ویر چوٹرانی سے ہوا۔

مزید پڑھیں: جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ: بھارت کا پاکستان کو ویزا دینے سے انکار

دونوں کھلاڑیوں نے طویل عرصے تک دنیائے اسکواش پر پاکستان کی حکمرانی کے دور کی یاد تازہ کرتے ہوئے اپنے علیحدہ علیحدہ میچز میں روایتی حریف کو زیر کیا۔

پاکستانی ٹیم نے جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

پانچ سیٹ پر مشتمل میچ میں فرحان ہاشمی کو پہلے سیٹ میں 11-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تاہم دوسرے اور تیسرے سیٹ میں انہوں نے حریف کو 9-11 اور 7-11 سے مات دی۔

میچ اس وقت سنسنی خیز بنا جب فرحان ہاشمی چوتھا سیٹ 11-5 سے ہار گئے تاہم آخری سیٹ اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستانی کھلاڑی نے 9-11 سے اپنے نام کیا۔

دوسرے میچ میں عباس زیب نے اُتکرش کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 4-11، 2-11 اور 6-11 سے اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔

میچ کے اختتام پر اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے گروپ فوٹو بنوایا — فوٹو، پاکستان اسکواش فیڈریشن
میچ کے اختتام پر اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے گروپ فوٹو بنوایا — فوٹو، پاکستان اسکواش فیڈریشن

تبصرے (0) بند ہیں