وزیراعظم بتائیں وزیراعلیٰ کی کارکردگی پرکب استعفیٰ دیں گے،مریم اورنگزیب

مریم اورنگ زیب نے ساہیوال واقعے پر وزیراعظم پر شدید تنقید کی—فائل/فوٹو:اے پی
مریم اورنگ زیب نے ساہیوال واقعے پر وزیراعظم پر شدید تنقید کی—فائل/فوٹو:اے پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے ساہیوال کے واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم بتائیں کہ وہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی پر استعفیٰ کب دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے ساہیوال واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بچوں کےسامنے والدین کابہیمانہ قتل قابل مذمت ہے جس پر ہر آنکھ نم ہے جبکہ وزیراعظم 24گھنٹے بعد واقعے پر دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سانحہ ساہیوال پر پوری پنجاب حکومت چھپ گئی اور یہ پیغام آیا کہ وزیراعظم پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جس وزیراعلیٰ کو اس واقعے کا نوٹس لینے کی ہدایت دی جائے وہ پنجاب کے لوگوں کے ساتھ دشمنی کے علاوہ کچھ نہیں ہے'۔

مزید پڑھیں:سانحہ ساہیوال:’ذیشان کا تعلق داعش سےتھا‘

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ‘حکومتی ترجمان کی بے حسی دیکھے کہ وہ آج بچوں کو کہتے ہیں کہ ان کی مدد کی جائے گی اور مالی امداد پر تو زور ہے لیکن تحقیقات پر کوئی زور نہیں ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کے عوام کو بتایا جائے کہ نہتے، معصوم اور غیر مسلح لوگوں پر گولیاں کیوں چلائی گئیں’۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ‘عمران صاحب دکھ کے اظہار کے ٹویٹ سے بات نہیں بنے گی اور پاکستان کے عوام کے سوالوں کا جواب نہیں ملیں گے’۔

یہ بھی پڑھیں:ساہیوال: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کار سوار خواتین سمیت 4 'مبینہ دہشت گرد' ہلاک

وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘آپ یاد کرے اس وقت کو جب آپ ہر معاملے کو سیاسی رنگ دیتے تھے اور ہر بیان کو یاد کرے اور عوام کو بتائیں کہ کنٹینر کب سج رہا ہے اور پارلیمنٹ کے باہر کب آرہے اور عوام کو بتائیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو گردن سے پکڑ کر عوام کے حوالے کب کر رہے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘آپ نے کہا ہے کہ آپ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے پیچھے کھڑے ہیں تو بتائیں آپ خود استعفیٰ کب دے رہے ہیں یا وزیراعلیٰ سے استعفیٰ کب لے رہے ہیں اور یہ بتائیں پاکستان کے عوام کو کہ پنجاب کو کب بند کررہے ہیں اور پنجاب کا وزیراعلیٰ کون ہے’۔

مزید پڑھیں:ساہیوال واقعہ: سی ٹی ڈی کے 16 نامعلوم اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

مریم اورنگ زیب نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘بچوں کی ذمہ داری مت لیں بلکہ اس واقعے کی ذمہ داری لیں اور پنجاب کے عوام کو بتائیں کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو سزا کب ملے گی اور عوام کے سامنے حقائق کب لائیں گے’۔

انہوں نے کہا عوام کو بتایا جائے نہتے شہریوں پر گولیاں کیوں چلائی گئیں، پنجاب کےعوام کو بتایا جائے ان کی سیکیورٹی کا ذمہ دار کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی گمنام ایف آئی آر کاٹی گئی ہے، ایف آئی آر میں وزیراعلیٰ اوروزیراعظم کانام شامل کیوں نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں