انسانوں کا سب سے بڑا اجتماع، کمبھ میلہ

21 جنوری 2019
میلے کے پہلے ہی دن ڈیڑھ کروڑ افراد جمع ہوئے—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
میلے کے پہلے ہی دن ڈیڑھ کروڑ افراد جمع ہوئے—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت میں انسانوں کے سب سے بڑے اجتماع کا درجہ رکھنے والے ’کمبھ میلے‘ کا آغاز ہوگیا۔

کمبھ میلہ ہندو مذہبی عقیدے کے مطابق ہر 4 سال بعد منعقد ہوتا ہے، تاہم اس میلے کا اہم اور بڑا میلہ ہر 12 سال بعد منعقد ہوتا ہے۔

اس اجتماع کے ہر 4 سال بعد منعقد ہونے والے میلے مرکزی میلے کا حصہ ہی ہوتے ہیں۔

کمبھ میلے کے دوران جو چار میلے منعقد ہوتے ہیں ان میں ’ہردوار کمبھ میلا، الہٰ آباد کمبھ میلہ، ناستک سنشٹھ میلہ اور اوجین سنشٹھ میلہ شامل ہیں۔

یہ میلے ہندو مہینوں کے مطابق ہوتے ہیں جو عام طور پر جنوری سے اپریل تک آتے ہیں اور ان ہی مہینوں میں ان کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

میلے کے دوران مذہبی تھیٹر بھی پیش کیے جاتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
میلے کے دوران مذہبی تھیٹر بھی پیش کیے جاتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کمبھ میلے کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق 12 سال کے دوران 4 کمبھ میلے منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ہندو مذہب کے پیروکار آتے ہیں۔

رواں ماہ 15 جنوری کو شروع ہونے والا کمبھ میلہ رواں برس 4 مارچ تک جاری رہے گا، جس میں ممکنہ طور پر 49 دنوں تک 3 کروڑ کے لگ بھگ زائرین شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کمبھ میلے میں مخنث سادھو کی سربراہی میں عبادات

یہ میلے بھارت کی 4 ریاستوں اترا کھنڈ، مدھا پردیش، اتر پردیش اور مہارا شٹر کے چار شہروں کے قریب ہندوؤں کے لیے مقدس دریائے گنگا، جمنا اور سروسوتی کے کناروں کے قریب منعقد کیے جاتے ہیں۔

میلے کے دوران ثقافتی پروگرامات بھی منعقد کیے جاتے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
میلے کے دوران ثقافتی پروگرامات بھی منعقد کیے جاتے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

نیشنل پبلک ریڈیو (این پی آر) کے مطابق کمبھ میلے کے آغاز پر پہلے ہی دن ڈیڑھ کروڑ افراد دریائے گنگا جمنا کے کنارے جمع ہوئے اور انہوں نے اشنان کیا۔

15 جنوری کو شروع ہونے والے میلے میں شرکت کرنے والے زائرین 200 میلز کے درمیان عبادتیں اور دیگر مذہبی رسومات ادا کریں گے، جب کہ وہ اس دوران اشنان بھی کریں گے۔

انتظامیہ نے اس بار میلے کے انتظامات قدرے بہتر کیے ہیں، تاہم پھر بھی ان انتظامات کو نامکمل قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے اس بار میلے کے موقع پے 12 لاکھ 20 ہزار عارضی ٹوئلیٹ تعمیر کرنے سمیت 20 ہزار کوڑے دان بھی تعمیر کیے ہیں۔

کئی مقامات پر مرد، خواتین و بچے ایک ساتھ گنگا میں اشنان کرتے دکھائی دیتے ہیں—فوٹو: اے پی
کئی مقامات پر مرد، خواتین و بچے ایک ساتھ گنگا میں اشنان کرتے دکھائی دیتے ہیں—فوٹو: اے پی

زائرین کی سیکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے 30 ہزار پولیس اہلکار و سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ ہزاروں لائٹیں بھی نصب کردی گئی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی میں مدد کے لیے فائربریگیڈ، ایمبولینس اور پولیس کے خصوصی نمبرز بھی جاری کیے ہیں۔

ہندو عقیدے کے تحت اشنان کرنے سے گناہ معاف ہوجاتے ہیں—فوٹو: فیس بک
ہندو عقیدے کے تحت اشنان کرنے سے گناہ معاف ہوجاتے ہیں—فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں