شاہ رخ خان آخری بار ڈان بننے کو تیار

21 جنوری 2019
ڈان تھری سیریز کی آخری فلم ہوگی—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
ڈان تھری سیریز کی آخری فلم ہوگی—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام گئی۔

گزشتہ 2 سال میں شاہ رخ خان کی یہ پہلی فلم نہیں تھی جسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

اس سے قبل بھی شاہ رخ خان کی رومانٹک ٹریولنگ فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ ناکام ہوئی تھی۔

مسلسل ناکام فلموں کے بعد اب شاہ رخ جلد ہی عامر خان کی ٹھکرائی گئی بائیوگرافی فلم میں بھارت کے پہلے خلاباز راکیش شرما کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

شاہ رخ خان جلد ہی اس فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

تاہم اب شاہ رخ خان کے حوالے سے ایک اور تازہ خبر آئی ہے کہ وہ جلد ہی اپنی کامیاب ایکشن فلم سیریز ’ڈان‘ کی آخری فلم میں بھی نظر آئیں گے۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی خبر میں ایک اور خبر رساں ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان کی کامیاب فلم سیریز ’ڈان‘ کی تیسری فلم کا نام فائنل کردیا گیا۔

سیریز کی پہلی فلم میں پریانکا چوپڑا نظر آئی تھیں—اسکرین شاٹ
سیریز کی پہلی فلم میں پریانکا چوپڑا نظر آئی تھیں—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی ڈان سیریز کی تیسری فلم کا نام ’ڈان: دی فائنل چیپٹر ہوگا، جو ممکنہ طور پر اس سیریز کی آخری فلم ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا 'ڈان 3' بھی شاہ رخ کے حصے میں آئے گی؟

ڈان سیریز کی پہلی دونوں فلموں کی طرح تیسری فلم کی ہدایات بھی اداکار و ہداہت کار فرحان اختر ہی دیں گے، ساتھ ہی ان کی جانب سے تیسری فلم میں مختصر کردار بھی ادا کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈان سیریز کی تیسری فلم کو بنائے جانے کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ اس فلم کی خاطر شاہ رخ خان راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم کو چھوڑ رہے ہیں۔

تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ شاہ رخ خان دونوں فلموں میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔

سیریز کی دوسری فلم میں بھی پریانکا نے کام کیا—اسکرین شاٹ
سیریز کی دوسری فلم میں بھی پریانکا نے کام کیا—اسکرین شاٹ

اگرچہ تاحال فلم کی ٹیم نے ڈان تھری کے حوالے سے اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں فلم کی ٹیم اس کا اعلان کر دے گی۔

اطلاعات ہیں کہ تیسری فلم میں پریانکا چوپڑا کو کاسٹ نہیں کیا جائے گا، یہ اطلاعات پہلے بھی تھیں کہ تیسری فلم میں پریانکا چوپڑا کو کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔

اگرچہ فلم کی مرکزی اداکارہ کا نام سامنے نہیں آیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس فلم میں شاہ رخ کے ساتھ کسی نئی اداکارہ کو کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ‘ڈان’ سیریز کی پہلی فلم 2006 میں ریلیز کی گئی تھی، فلم میں شاہ رخ خان، پریانکا چوپڑا، ارجن رامپال، بومن ایرانی اور اوم پوری سمیت دیگر اداکار ایکشن میں نظر آئے تھے۔

یہ فلم دراصل 1978 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ کی ایکشن تھرلر کرائم فلم ‘ڈان’ کا ریمیک تھی۔

مزید پڑھیں: ڈان تھری سے پریانکا چوپڑا باہر؟

1978 میں ریلیز ہونے والی فلم میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس فلم کو سلمان خان کے والد سلیم خان اور فرحان اختر کے والد جاوید اختر نے بنایا تھا۔

اسی فلم کا 2006 میں فرحان اختر اور شاہ رخ خان نے ‘ڈان’ کے نام سے ہی ریمیک بنایا، جس کی کامیابی کے بعد اس سیریز کی دوسری فلم ‘ڈان ٹو’ 2011 میں ریلیز کی گئی۔

‘ڈان ٹو’ میں بھی شاہ رخ خان کے ساتھ پریانکا چوپڑا ایکشن میں ںظر آئیں تھیں، جب کہ دیگر کاسٹ میں لارا دتا، ہریتھک روشن، کنال کپور، اوم پوری اور بومن ایرانی شامل تھے۔

اب سیریز کی تیسری فلم بنائی جائے گی، جس کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اسے آئندہ برس تک ریلیز کردیا جائے گا۔

تیسری فلم میں کس اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے گا فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا—فوٹو: انڈیا ٹی وی
تیسری فلم میں کس اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے گا فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا—فوٹو: انڈیا ٹی وی

تبصرے (0) بند ہیں