سردی کی شدت میں اضافہ، ملک کے متعدد اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم ملتوی

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2019
پولیو ایک موذی مرض ہے جو 5 سال سے کم عمر کے بچوں پر اثر انداز ہوتا ہے—فائل فوٹو
پولیو ایک موذی مرض ہے جو 5 سال سے کم عمر کے بچوں پر اثر انداز ہوتا ہے—فائل فوٹو

اسلام آباد: رواں برس کی پہلی انسدادِ پولیو مہم ملک کے 21 اضلاع میں مکمل طور پر جبکہ 14 اضلاع میں جزوی طور پر سردی کی شدت کے باعث ملتوی کردی گئی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جن اضلاع میں پولیو مہم ملتوی کی گئی اس میں آزاد کشمیر کے 5، گلگت بلتستان کے 4، سندھ کے 9 اور پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کا ایک ایک ضلع شامل ہے۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جن اضلاع میں پولیو مہم مکمل طور پر ملتوی کی گئی ان میں خیبر پختونخوا میں چترال، آزاد کشمیر میں باغ، پونچھ، سدنوتی، حویلیاں اور وادی نیلم، گلگت بلتستان میں استور، غذر، ہنزہ اور نگر، سندھ میں نوشہرو فیروز، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، قمبر، جیکب آباد، مٹیاری، حیدر آباد، اور ٹنڈو الہیار جبکہ پنجاب میں راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پولیو ٹیم بچوں کا جعلی اندراج اور ویکسین ضائع کرتے ہوئے پکڑی گئی

دوسری جانب جن اضلاع میں پولیو مہم جزوی طور پر معطل کی گئی ان میں خیبرپخونخوا کے علاقے مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالائی دیر، سوات اور لکی مروت، آزاد کشمیر کی وادی جہلم، بلوچستان کا علاقہ صحبت پور، گلگت بلتستان میں اسکردو اور سندھ میں سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ، کشمور، سکھر اور عمر کوٹ شامل ہیں۔

اس موقع پر ای او سی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے تمام تر مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی کے لیے انسداد پولیو مہم کا حصہ بننے والے رضاکاروں کی خدمات کو سراہا۔

دوسری جانب ایک عہدیدار نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ سرد موسم میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی ہونے کے باوجود مہم کا آغاز کیا جانا قابلِ افسوس ہے۔

مزید پڑھیں: انسداد پولیو مہم: 4 لاکھ بچے ویکسینیشن سے محروم

خیال رہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے، جو 5 سال سے کم عمر کے بچوں پر اثر انداز ہوتا ہے، اس کا وائرس اعصابی نظام پر حملہ کر کے اعضا کو مفلوج کر دیتا جس کا نتیجہ موت کی صورت میں بھی نکل سکتا ہے۔

یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہہ اس موذی مرض کا کوئی علاج موجود نہیں چناچہ بچوں میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کے لیے پولیو سے بچاؤ ویکسین ہی واحد حل ہے۔

ہر مرتبہ جب ایک 5 سالہ بچے کو ویکسین پلائی جاتی ہے تو اس کی قوت مدافعت میں مزید اضافہ ہوتا ہے اسی طرح دنیا کے تقریباً تمام ممالک پولیو سے پاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے 8 بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

تاہم پاکستان میں گزشتہ برس پولیو کے 12 کیسز سامنے آئے جو 2014 کے مقابلے 97 فیصد کم تھے اس کے باوجود ملک میں پولیو وائرس کی موجودگی باعث تشویش ہے۔


یہ خبر 22 جنوری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں