خیبر پختونخوا: قابلیت کی کمی، 100 سے زائد اساتذہ نے ریٹائرمنٹ لے لی

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2019
اساتذہ اسکولوں کے اردو سے انگریزی میڈیم میں تبدیل ہونے اور اصلاحات متعارف کرائے جانے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ — فائل فوٹو
اساتذہ اسکولوں کے اردو سے انگریزی میڈیم میں تبدیل ہونے اور اصلاحات متعارف کرائے جانے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ — فائل فوٹو

خیبر پختونخوا میں سرکاری پرائمری اسکول کے 100 سے زائد اساتذہ نے انگریزی پڑھانے کی قابلیت نہ ہونے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ ایلمینٹری اور سیکنڈری تعلیم کے حکام کے مطابق یہ صورتحال 4 سال قبل اردو سے انگریزی میڈیم میں تبدیل ہونے کے فیصلے اور محکمہ کے ایک سال قبل تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے فیصلے کے نتیجے میں سامنے آئی۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ زیادہ تر اساتذہ میڈیم کے تبدیل ہونے اور اصلاحات متعارف کرائے جانے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اردو میڈیم والدین کے انگلش میڈیم بچے

حکام کا کہنا تھا کہ سرکاری پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی جانب سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ بہت کم سامنے آتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ محمکہ تعلیم نے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا اور اساتذہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے انہیں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا اختیار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم نے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں اسکولوں کے معیار پر نظر رکھنا، اساتذہ کے مسائل کو حل کرنا، ماہانہ تربیت، اساتذہ کا کلاس روم میں جانے سے قبل سبق کی تیاری وغیرہ شامل ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے والے زیادہ تر اساتذہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں تعینات کیے گئے تھے جن کے پاس میٹرک یا انٹر کی ڈگری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اردو میڈیم، انگلش میڈیم

انہوں نے بتایا کہ اب صرف گریجویشن کرنے والے افراد ہی اس عہدے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

پشاور ضلع میں دفتر تعلیم کے حکام نے ڈان کو بتایا کہ انہیں ہر ماہ 100 سے زائد قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست موصول ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں عورتوں سے زیادہ مردوں کی موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا حال ہی میں صوبے میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں صورتحال اس سے بھی خراب ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 22 جنوری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں