بیلہ حادثہ: میتیں آبائی علاقے روانہ، بس کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2019
مسافر بس اور آئل ٹینکر کے تصادم میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے — ڈان نیوز
مسافر بس اور آئل ٹینکر کے تصادم میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے — ڈان نیوز

ایک روز قبل بلوچستان کے علاقے بیلہ میں بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مذکورہ حادثے کا مقدمہ سب انسپکٹر جان محمد جاموٹ کی مدعیت میں بس کے مالک محمد یونس اور ڈرائیور کے خلاف درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، غفلت و لاپروائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب سانحہ بیلہ میں جاں بحق ہونے والے 24 افراد کی میتیں ایدھی سینٹر کراچی سے بلوچستان پہنچائی گئیں جنہیں بذریعہ سڑک پنجگور لے جایا گیا۔

رضاکار ادارے کی 11 ایمولینسز میں 24 میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر بلوچستان اسد اللہ بلوچ بھی ایمبولینسز کے قافلے کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید پڑھیں: حب کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم، جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی

دوسری جانب محکمہ داخلہ کے مطابق کمشنر قلات ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 7 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

کمیٹی میں ڈی آئی جی خضدار پولیس, ڈپٹی کمشنر لسبیلہ, ایس ایس پی لسبیلہ کو بطور رکن شامل کیا گیا یے۔ کمیٹی زمہ داران کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات کی سفارش بھی کرے گی۔

محکمہ داخلہ نے کمیٹی کو واقعے کی تحقیقات 7 دنوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے،کمیٹی کی سفارشات وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ بلوچستان کو بھیجی جائیں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں بیلہ کے مقام پر ایک مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مسافر بس کراچی سے پنجگور جارہی تھی کہ بیلہ کراس کے مقام پر دوسری سمت سے آنے والے ایرانی تیل سے بھرے ہوئے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی تھی۔

دونوں گاڑیوں کے تصادم کی وجہ سے آئل ٹینکر میں موجود تیل میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مسافر بس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے اس میں موجود مسافر جھلس گئے تھے۔

ابتدائی طور پر ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی نے حادثے میں 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم اس کے بعد ایک اور مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا۔

پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مسافر بس گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی تھی، جبکہ متفرق اطلاعات کے مطابق بس میں 40 کے لگ بھگ مسافر سوار تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں