روسی مسافر طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2019
طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنے والا مسافر نشے کی حالت میں تھا،تحقیقاتی کمیٹی — فائل فوٹو
طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنے والا مسافر نشے کی حالت میں تھا،تحقیقاتی کمیٹی — فائل فوٹو

سائبیریا کے شہر سرگٹ سے ماسکو روانہ ہونے والے روسی جہاز میں سوار ایک شخص نے مبینہ طور پر طیارے کو ہائی جیک کرکے افغانستان لے جانے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے’ اے ایف پی‘ کے مطابق ایروفلیٹ کمپنی کا جہاز سائبیریاکے مغربی شہر سرگٹ سے ماسکو کی جانب رواں دواں تھا کہ طیارے میں سوار مسافر نے اسے مبینہ طور پر ہائی جیک کرنے کی کوشش کی، تاہم سربیا کے شہرخانتی-مانسیسک میں طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد یہ کوشش ناکام بنادی گئی۔

حادثے سے متعلق روسی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنے والا مسافر نشے کی حالت میں تھا۔

مزید پڑھیں: روس کا ماسکو سے امریکی جاسوس کی گرفتاری کا دعویٰ

کمیٹی نے بتایا کہ ماسکو کے مشرق سے 2 ہزار 6 سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر خانتی-مانسیسک میں لینڈنگ کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

تفتیش کاروں نے ایک بیان میں کہا کہ ’مبینہ ہائی جیکر نے یہ دھمکی دی کہ اس کے پاس ہتھیار موجود ہے اور اس نے پرواز کے دوران کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے طیارے کا رخ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’طیارے کے کمانڈر نے مجبوراً خانتی-مانسیسک میں ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔

تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

روس کے سرکاری میڈیا نے ایک مسافر کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو نشر کی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ ہائی جیکر کو گرفتار کرکے لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں تالیوں کی گونج میں پائلٹ کی جانب سے مسافروں کو حالات سمجھنے اور پرسکون رہنے پر شکریہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: روسی جاسوس کے قتل کی کوشش،’صدر پوٹن اصل قصوروار ہیں‘

تفتیش کاروں نے بتایا کہ زیرحراست ملزم سرگٹ کا رہائشی ہے اور اسے ماضی میں جائیداد کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا بھی ہوئی تھی۔

قبل ازیں روسی نیوز ایجنسی 'انٹر فیکس' نے ایوی ایشن ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ جہاز میں سوار مسافر نے طیارے کا رخ تبدیل کرکے اسے افغانستان لے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

روسی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ روسی حکام کا خانتی-مانسیسک کے ایئرپورٹ سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

ایروفلوٹ کمپنی نے حادثے سے متعلق بیان میں کہا کہ ‘حادثے میں مسافر اور فضائی عملہ محفوظ رہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ حادثے سے کمپنی کا کام متاثر نہیں ہوا، تمام پروازیں مقررہ وقت پر ہیں جبکہ خانتی-مانسیسک میں موجود مسافروں کو ماسکو لے جانے کے لیے ایک جہاز روانہ کردیا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں