اسکی کپ میں شرکت کیلئے 12 ممالک کے اسکیئرز نلتر پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
سیاح مختلف کٹیگریز میں حصہ لیں گے—فائل فوٹو: فضل خلیق
سیاح مختلف کٹیگریز میں حصہ لیں گے—فائل فوٹو: فضل خلیق

گلگت: چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل قراقرم الپائن اسکی کپ میں شرکت کے لیے 12 ممالک سے 38 اسکیئرز گلگت کے نلتر اسکی ریزورٹ پہنچ گئے۔

قراقرم رینج میں نلتر پاکستان کا سب سے پرانا اسکی ریزورٹ ہے جو 10 ہزار 500 فٹ پر واقع ہے، یہ ریزورٹ گلگت ٹاؤن سے 25 کلو میٹر دور واقعے ہے اور ہر سال موسم سرما میں نلتر پر کھیلوں کے مقاملے منعقد کیے جاتے ہیں۔

پاکستان ایئرفورس کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق دنیا بھر سے 38 بین الاقوامی اسکیئرز قراقرم پہاڑی سلسلے کے سنگم پر نلتر میں پی اے ایف اسکی ریزورٹ پر بین الاقوامی اسکی ریسز کی مختلف کٹیگریز میں حصہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: سال کے 12 ماہ، پاکستان میں سیاحت کیلئے کب،کہاں جاسکتے ہیں؟

اس ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے پاکستان کی ونٹر اسپورٹس فیڈریشن کی جانب سے ایک دلچسپ پرومو جاری کیا گیا، جس میں اس کھیل کے سنسنی خیز تجربے کو نمایاں کیا گیا۔

یونان، افغانستان، ترکی، یوکرائن، ہانگ کانگ، برطانیہ، بوسنیہ اور ہرزیگوینا، بیلجیئم، مراکش، کرغستان، آذربائیجان اور تاجکستان سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ درجے کے بین الاقوامی اسکیئرز ایونٹ کی سلالوم اور بڑی سلالوم کٹیگریز میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ ملک کی مختلف اسکی ایسوسی ایشن اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے قومی اسکیئرز بھی نلتر اسکی ریزورٹ کے ناقبل اعتبار راستوں پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مقابلے میں اعلیٰ درجے کے بین الاقوامی اسکیئرز کے خلاف فیڈریشن آف انٹرنیشنل اسکی (ایف آئی ایس) کا مقابلہ پاکستانی ایتھلیٹس کو حریفوں سے سیکھنے اور اپنا عالمی معیار بہتر کرنے کا بہتر موقع فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سیاحت کے شعبے میں ترقی

خیال رہے کہ پی اے ایف نلتر پر مرد اور خواتین کے لیے سعدیہ خان اور چلڈرن اسکی کپ اور انٹر ورسٹی چمپئن شپس کے ساتھ موسم سرما اسپورٹس سیزن پہلے سے شروع ہوا ہے۔

دوسری جانب اسکنگ کے علاوہ سنوبورڈنگ، آئیس اسکیٹنگ اور آئس ہاکی کے مقابلے بھی پہلی مرتبہ منعقد کیے گئے تھے۔

پاکستان کی ونٹر اسپورٹس فیڈریشن، پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے ملک میں موسم سرما کے کھیلوں کی فروغ کے لیے کام کر رہی ہے اور اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد نہ صرف پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے بلکہ دنیا بھر میں ملک کی ایک مثبت تصویر پیش کرنے میں مدد دینا ہے۔


یہ خبر 28 جنوری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں