’ڈپریشن جلد میری جان لے لے گا‘

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2019
محسن عباس کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
محسن عباس کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی نامور اداکار محسن عباس حیدر اسکرین پر تو نہایت جوشیلے اور مزاحیہ کردار نبھاتے نظر آتے ہیں لیکن اس وقت وہ اپنی ذاتی زندگی میں شاید اتنے خوش نہیں ہیں۔

اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ وہ ڈپریشن جیسے مرض میں مبتلا ہیں، جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ مرض انہیں جلد جان سے مار دے گا۔

محسن عباس حیدر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ڈپریشن جلد میری جان لے لے گا، میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جن کی وجہ سے میں اس مرض میں مبتلا ہوا‘۔

اداکار کی اس پوسٹ سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں خوش نہیں، جس کا اثر اب ان کی پروفیشنل زندگی پر بھی پڑ رہا ہے، البتہ اداکار نے چند گھنٹوں بعد ہی اپنی اس پوسٹ کو ڈیلیٹ بھی کردیا۔

محسن کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں سمیت پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے اداکار کو سپورٹ کرتے ہوئے کمنٹس کیے۔

مزید پڑھیں: محسن عباس حیدر کی ایک ماہ کی بیٹی کا انتقال

اداکار عائشہ عمر کا اپنے کمنٹ میں کہنا تھا کہ ’میں بھی ڈپریشن کا شکار ہوچکی ہوں، لیکن خدا نے میری مدد کی، تم بھی مضبوط رہو‘۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے محسن کا ساتھ دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں جب بھی کسی سے بات کرنے کی ضرورت ہو وہ ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

ماڈل آمنہ بابر نے بھی محسن سے مضبوط رہنے کی درخواست کی۔

جبکہ صحافی ماریا میمن نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ محسن اس دور کے ان کے سب سے پسندیدہ گلوکار ہیں۔

محسن عباس حیدر نے اپنی انسٹا اسٹوری پر بھی ’وصیت‘ نام کی ایک غزل شیئر کی، جو انہوں نے خود تحریر کی تھی۔

یاد رہے کہ 2 سال قبل 16 دسمبر 2017 میں محسن عباس حیدر کی بیٹی کا انتقال ہوگیا تھا، جس کی خبر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی ایک ماہ کی بیٹی کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔

محسن عباس کی شادی فاطمہ نقوی سے 2015 میں ہوئی تھی۔

محسن نے اپنے کیریئر کا آغاز فیصل آباد کے ایک ریڈیو اسٹیشن پر آر جے کی حیثیت سے کیا۔

جس کے بعد انہوں نے گلوکاری بھی کی، جبکہ وہ کامیاب فلم سیریز نامعلوم افراد کا حصہ بھی رہے۔

اس کے علاوہ محسن نجی ٹی وی کے ایک مقبول پروگرام ’مذاق رات‘ میں بھی مستقل ڈی جے کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔

وہ کوک اسٹوڈیو میں بھی گلوکاری کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں