پشاور زلمی کے ترانے اور کٹ کی رونمائی، ڈیرن سیمی خصوصی طور پر پشاور آئیں گے

اپ ڈیٹ 03 فروری 2019
پی ایس ایل سیزن 4 کا آغاز 14 فروری سے ہورہا ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
پی ایس ایل سیزن 4 کا آغاز 14 فروری سے ہورہا ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

پشاور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 کے آغاز میں بس چند دن ہی باقی ہیں اور شائقین کو اپنے من پسند کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

پی ایس ایل کے گانے کی رونمائی کے بعد دیگر ٹیمیں بھی اپنی ٹیموں کی ترانے پیش کرنے جارہی ہیں۔

اس سلسلے میں پشاور زلمی کی ٹیم اپنی ٹیم کا ترانہ اور کٹ کی رونمائی 4 فروری کو پشاور میں کرے گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق کا 358 فیصد زائد مالیت میں معاہدہ

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہونے والی اس تقریب میں پشاور زلمی کے تمام مایہ ناز کھلاڑی، کوچز اور ٹیم منیجمنٹ کے افراد شریک ہوں گے جبکہ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی ایونٹ میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پشاور آئیں گے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی کا روایتی انداز میں شاندار استقبال کیا جائے گا۔

تقریب رونمائی میں پشاور زلمی کے کھلاڑی مصباح الحق، کامران اکمل، وہاب ریاض، عمر امین، عمید آصف، ابتسام شیخ، ثمین گل شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی، صدر ظہیر عباس، مینٹور یونس خان، ہیڈ کوچ محمد اکرم، منیجر ارشد خان اور دیگر لوگ بھی شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی کا انقلابی قدم، انٹرنیشنل فٹبال لیگ کے انعقاد کا اعلان

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری سے ہورہا ہے، جہاں پہلا میچ دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں کل 6 ٹیمیں اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطان شامل ہیں، اس ایونٹ کے ابتدائی میچ متحدہ عرب امارات جبکہ باقی کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں