بنوں: دھماکے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

29 جنوری 2019
پولیس نے شیل دھماکے کی تصدیق کی—فائل/فوٹو:ڈان
پولیس نے شیل دھماکے کی تصدیق کی—فائل/فوٹو:ڈان

خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع بنوں میں ایک گھر میں ہونے والے ‘مارٹر شیل’ دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں یاسر آفریدی کے مطابق حوید پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ایک گھر کے اندر کمرے میں دھماکا ہوا۔

کے پی پولیس کے ترجمان وقار خان کا کہنا تھا کہ دھماکا گھر کے اندر 60 ملی میٹر شیل کے پھٹنے سے ناخوش گوار واقعہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک استاد، ان کی اہلیہ اور ان کے 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ دھماکے کی وجہ سے آرٹلری شیل طرز کا ہی تھا تاہم پولیس اس وقت حتمی طور پر کچھ نہیں کہ سکتی کہ کس قسم کا شیل تھا اور آیا کہ یہ شیل گھر کے اندر ہی تھا یا پھر گھر کے باہر سے آیا۔

یہ بھی پڑھیں:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے پر حملہ، 4 ہلاک

انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوع سے تمام ثبوت کو جمع کیا ہے اور ثبوت کا لیبارٹری میں جانچ کے بعد تعین کیا جائے گا کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھا۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کا کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر موجود ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات 2018 کے دوران بنوں میں ہی متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی پر دو مرتبہ حملہ ہوا تھا جہاں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:بنوں:ایم ایم اے کے امیدوار کے قافلے میں دھماکا، 7 افراد زخمی

اکرم خان درانی کے قافلے پر 13 جولائی 2018 کو حملہ کیا گیا جس میں 4 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

ڈپٹی پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں خرم رشید کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 35 پر ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی انتخابی مہم کے سلسلے میں سفر کر رہے تھے کہ بنوں کے تھانہ حوید کی حدود میں ان کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

اس سے قبل مئی 2018 میں ضلع بنوں میں کوہاٹ چورنگی کے قریب دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں