گجرانوالہ: (ق) لیگ کے مقامی رہنما، محافظ قاتلانہ حملے میں جاں بحق

30 جنوری 2019
مہر عامر نے آج واپڈا ٹاؤن میں مہر کاشف کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، خاندانی ذرائع — فوٹو: اقبال مرزا
مہر عامر نے آج واپڈا ٹاؤن میں مہر کاشف کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، خاندانی ذرائع — فوٹو: اقبال مرزا

گجرانوالہ میں مسلم لیگ (ق) کے مقامی رہنما اور ذاتی محافظ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

صدر ارائیں برادری مہر کاشف صدیق چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہوئے تھے، ان کا اپنے قریبی رشتہ دار مہر عامر سے جائیداد کی 10 کروڑ روپے کی رقم کے لین دین کا تنازع تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مہر عامر نے آج واپڈا ٹاؤن میں مہر کاشف کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس سے مہر کاشف شدید زخمی ہوئے جبکہ انہیں بچانے کی کوشش میں ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا۔

مہر کاشف نے 5 سیکیورٹی گارڈز رکھے ہوئے تھے۔

زخمی مہر کاشف کو ڈسٹرکٹ ہیڈکورٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال سے تشویشناک حالت کے پیش نظر جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

انہیں 5 گولیاں لگیں جن میں سے ایک گولی سر پر بھی لگی تھی۔

سی پی او ڈاکٹر معین مسعود نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ہدایات جاری کی ہیں کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

واضح رہے کہ مہر کاشف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مقامی صدر خالد ہمایوں کے قتل کیس میں 10 سال جیل میں گزارنے کے بعد دو سال قبل ہی رہا ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں