پرویز مشرف کے قریبی ساتھی پی ٹی آئی میں شامل

ڈاکٹر محمد امجد کا وزیرِاعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار — فوٹو، فواد چوہدری
ڈاکٹر محمد امجد کا وزیرِاعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار — فوٹو، فواد چوہدری

اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے قریبی ساتھی اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سابق چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اے پی ایم ایل کے سابق چیئرمین نے وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وزیرِاعظم ہاؤس میں ڈاکٹر امجد پرویز نے وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد داد اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر محمد امجد آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے مستعفی

پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد پرویز نے تحریک انصاف کی قیادت اور اس کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

ڈاکٹر محمد امجد نے پی ٹی آئی حکومت کے ابتدائی 6 ماہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے قیام کے ابتدائی دنوں میں ہی ملک کو ترقی کی ایک نئی راہ پر گامزن کردیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں کامیاب خارجہ پالیسی کے ملکی معیشت پر نہایت مثبت اثرات نمایاں ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق مشاورت کر رہا ہوں، فاروق ستار

ڈاکٹر امجد نے تحریک انصاف کے ساتھ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کپتان کے قافلے میں شامل ہوکر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار کروں گا‘۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی ڈاکٹر امجد کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

خیال رہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے اہم ساتھی سمجھے جانے والے ڈاکٹر محمد امجد کو گزشتہ برس جون میں سابق صدر کے پارٹی چیئرمین شپ چھوڑنے کے بعد اے پی ایم ایل کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا جس کے 2 ماہ بعد ہی انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

تاہم پارٹی کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر محمد امجد پارٹی چیئرمین شپ سے علیحدہ ہونے کے بعد جنرل (ر) پرویز مشرف کے قانونی معاملات کو دیکھیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی میں شمولیت پرابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری نثار

ڈاکٹر محمد امجد کی تحریک انصاف کے ساتھ مفاہمت جولائی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں سامنے آئی تھی جب وہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حق میں حلقہ این اے 53 اسلام آباد میں انتخابی دوڑ سے دستبردار ہوگئے تھے۔

بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کے ثمرات صرف اسی حلقے میں دکھائی نہیں دیے بلکہ انہوں نے قومی اسمبلی کی ایک اور نشست این اے 54 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے اسد عمر کے حق میں اے پی ایم ایل کے امیدوار اشرف شہزاد خان کو دستبردار کروایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں