سام سنگ گلیکسی ایس 10 سیریز توقع سے زیادہ مہنگی

01 فروری 2019
گلیکسی ایس 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
گلیکسی ایس 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 کم از کم 3 مختلف ورژن میں متعارف کرایا جائے گا اور یہ جنوبی کورین کمپنی کی طاقتور ترین ڈیوائس بھی ہوگی جس کا عندیہ مہینوں سے سامنے آنے والی لیکس اور افواہوں سے ہوتا ہے۔

مگر اس وقت جب سام سنگ کے موبائل فونز کی فروخت سست روی کا شکار ہے تو کیا اس کمپنی کے نئے فلیگ شپ فونز سستے ہوں گے؟

اگر ایک نئی لیک کو درست مانا جائے تو ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔

مزید پڑھیں : سام سنگ ایس 10 فون 5 مختلف ورژن میں متعارف ہوگا؟

ایک ٹوئٹر صارف نے گلیکسی ایس 10 ای، ایس 10 اور ایس 10 پلس کی آفیشل قیمتوں کو لیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو کہ نیدرلینڈ کے لیے ہے، تاہم اس کے خیال میں دیگر ممالک میں قیمتوں میں زیادہ فرق نہیں ہوگا۔

اگر اس لیک کا جائزہ لیا جائے گا تو ریگولر گلیکسی ایس 10 کا سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 899 یورو (ایک لاکھ 42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی جبکہ 8 جی بی اور 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1149 یورو (ایک لاکھ 82 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

بڑی اسکرین والا گلیکسی ایس 10 پلس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 999 یورو (ایک لاکھ 58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی/ 512 جی بی اسٹوریج 1249 یورو (ایک لاکھ 98 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی/ ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون 1499 یورو (2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

جہاں تک انٹری لیول گلیکسی ایس 10 ای کی بات ہے تو وہ ایک ورژن میں ہی ہوگا سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج، جس کی قیمت 749 یورو (ایک لاکھ 18 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔

یہ قیمتیں چند ہفتے قبل ایک اطالوی سائٹ کی لیک کردہ قیمتوں سے کچھ کم ہیں، مگر یہ فرق زیادہ بڑا نہیں اور مختلف مارکیٹ اس کی وجہ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین اسمارٹ فون

اور جہاں تک یورو قیمت کو روپے میں تبدیل کرنے کی بات ہے تو اکثر یہ قیمت پاکستان میں نہیں ہوتی، جہاں فون عام طور پر دیگر ممالک سے کچھ مہنگے ہوتے ہیں۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ سام سنگ دنیا کا پہلا 12 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون بھی متعارف کرارہی ہے، عام طورپر کمپیوٹرز یا لیپ ٹاپ میں بھی 8 سے 10 جی بی ریم سے زیادہ نہیں دیا جاتا۔

خیال رہے کہ سام سنگ 20 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران اپنے فلیگ شپ سیریز کے فونز کو متعارف کرائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں