ڈان تعلیمی ایکسپو، اعلیٰ تعلیم کے خواہشمندوں کی دلچسپی کا مرکز

03 فروری 2019
ایکسپو میں طالب علم اسٹیمپ ڈرائنگ کے مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں — فوٹو: وائٹ اسٹار
ایکسپو میں طالب علم اسٹیمپ ڈرائنگ کے مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں — فوٹو: وائٹ اسٹار

کراچی کے ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 6 میں 16ویں ڈان تعلیمی ایکسپو کا گزشتہ روز انعقاد کیا گیا جہاں تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہر شعبے کے تجربات کا موقع ملا۔

مختلف اسٹالز پر طالب علموں نے اپنے تعلیمی کیریئر کے لیے معلومات حاصل کیں جہاں انہیں آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اسپین، آسٹریا، برطانیہ، امریکا، روس، قازقستان، ترکی، قطر، چین اور پاکستان کی یونیورسٹیوں کی بڑی تعداد میں اسٹالز ملے۔

حال ہی میں اے لیولز مکمل کرنے والے محمد عبدالرافع نے آسٹریلیا کی یونیورسٹی کے نمائندے سے بات کی جبکہ ان کے والدین اور بہنیں بھی ہمراہ تھیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں اساتذہ اور تعلیم کیوں پیچھے ہے؟ آئیے بتاتے ہیں

ان کے والد کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ وہ دیکھیں کہ بین الاقوامی جامعات محمد رافع کے لیے کیا پیشکش کرتی ہیں جس کے بعد وہ خود فیصلہ کرے کہ اسے اعلیٰ تعلیم کے لیے باہر جانا چاہیے یا یہیں پڑھنا چاہیے‘۔

عبدالرافع کی والدہ نے بتایا کہ ’میری بیٹی نبیقہ ابھی آٹھویں جماعت میں ہے، اسے ابھی کافی وقت ہے مگر وہ یہاں آکر بہت خوش ہے‘۔

ایک خاتون، وراثت کا کہنا تھا کہ ’ان کی بیٹی چارٹرڈ اکاؤنٹینسی کر رہی ہے پر وہ اسے مکمل کرنے کے بعد آگے پڑھنے میں دلچسپی رکھتی ہے اور میں اس کے لیے اور اپنے بھانجے بھانجیوں کے لیے لٹریچر جمع کر رہی ہوں‘۔

انسٹیٹیوٹ آف کوسٹ اینڈ مینیجمنٹ اکاؤنٹنٹس کے ایک اسٹال کی نمائندہ حفصہ سلیم اور سیدہ طوبیٰ عابدی کا کہنا تھا کہ میڈیکل اور انجینیئرنگ کے بھی طالب علم ہم سے معلومات حاصل کر رہے اور کامرس سے متعلق ہمارے ادارے سے پڑھنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

کینیڈا کی یونیورسٹی کے مشیر عمر منصور کا کہنا تھا کہ زیادہ تر طالب علم جو ہمارے پاس آرہے ہیں وہ وہاں پڑھنے کے اخراجات ادا نہیں کرسکتے، اگر ہمارے ادارے نے پاکستان میں اپنا کیمپس کھولا تو طالب علم ایک چوتھائی قیمت میں اپنی تعلیم مکمل کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیم اور دیہی ترقی کیلئے یورپی یونین 10کروڑ یورو کی امداد پاکستان کو دے گا

انٹرنیشنل انگلش لینگویج ٹیسٹنگ سسٹم (آئیلٹس) کی پیشکش کرنے والے اسٹال پر طالب علموں کی انگریزی کی جانچ کرنے کے بعد انہیں بتایا جارہا تھا کہ انہیں اچھی انگریزی سیکھنے کے لیے کتنی کلاسز کی ضرورت ہوگی۔

یہاں چینی زبان سیکھنے کے بھی کئی خواہشمند افراد تھے، نیو پورٹس اسٹیٹیوٹ آف کمیونیکیشن اینڈ اکنامکس کی جانب سے ان کی چینی زبان کی کلاسز کے حوالے سے معلومات دی جارہی تھیں۔

تعلیمی ایکسپو کے ہال 6 میں علیحدہ جگہ پر کیریئر کے حوالے سے مشاورت پر کئی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی وہاں انٹرنیشنل ایجوکیشن کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں دلچسپ پینل کی سبجیکٹس کو دیکھنے، نجی شعبوں میں کیا ہورہا ہے، پاکستانی طالب علموں کے لیے یونیورسٹیوں کے مواقع کے حوالے سے بحث کی گئی۔

واضح رہے کہ ایجوکیشن ایکسپو آج اتوار کو بھی جاری ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 3 فروری 2019 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں