منگھوپیر میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کا قریبی رشتہ دار قتل

مارا جانے والا لڑکا پی ٹی آئی کا کارکن تھا، رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی— فوٹو: شٹر اسٹاک
مارا جانے والا لڑکا پی ٹی آئی کا کارکن تھا، رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی— فوٹو: شٹر اسٹاک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ سندھ اسمبلی سعید احمد آفریدی کے گمشدہ بھانجے کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق 22 سالہ جنید کی لاش منگھوپیر میں حب پمپنگ اسٹیشن کے قریب سے ملی اور اس کے سر اور کان پر گولی کے نشان تھے۔

پولیس حکام نے لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد لاش کو سرد خانے میں رکھوادیا گیا۔

پولیس اب تک قتل کی وجہ جاننے میں ناکام رہی ہے تاہم قاتلوں کی گرفتاری کے لیے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

منگھوپیر پولیس افسر محمد خان نے بتایا کہ لڑا کراچی میں اکیلا رہتا تھا اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں موٹر سائیکل مکینک تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں غیرت کے نام پر لڑکا، لڑکی قتل، 2 ملزمان گرفتار

تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سعید احمد آفریدی کا بھانجا تھا۔

ادھر پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی کے علاقے بنارس میں جنید کے قتل پر دھرنا دے دیا گیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی جمال صدیقی نے دعویٰ کیا کہ مقتول تحریک انصاف کا کارکن تھا جبکہ اس کا قتل ٹارگٹ کلنگ ہے۔

تاہم سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) غربی شوکت علی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جنید ایک روز قبل سے لاپتہ تھا جس کی رپورٹ ان کے رشتہ داروں نے سائٹ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چند روز قبل ہی جنید کے چچا اور ان کے دو کزنز کو خیبرپختونخوا میں قتل کیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں: سپرنٹنڈنٹ کراچی سینٹرل جیل نے قتل کے قیدی کی خواہش پوری کردی

ایس ایس پی غربی نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑکے کا قتل خیبرپختونخوا میں ہونے والے 3 قتل کی کڑی ہوسکتا ہے جو ایک ٹارگٹ کلنگ سے زیادہ ذاتی دشمنی دکھائی دیتا ہے۔

تاہم پولیس افسر نے اعتراف کیا کہ بنارس میں پی ٹی آئی کے رہنما اس قتل کے خلاف ہی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے منگھوپیر میں اس مبینہ اغوا اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی غربی سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

آئی جی سندھ نے ایس ایس پی غربی سے گمشدگی کی رپورٹ کے بعد پولیس کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بھی رپورٹ طلب کی۔

تبصرے (0) بند ہیں