دنیا کے پہلے 5 بیک کیمروں والے فون کی مزید تصاویر سامنے آگئیں

08 فروری 2019
یہ دنیا کا پہلا 5 بیک کیمروں والا فون ثابت ہوگا — فوٹو بشکریہ 91موبائلز
یہ دنیا کا پہلا 5 بیک کیمروں والا فون ثابت ہوگا — فوٹو بشکریہ 91موبائلز

اس وقت بیشتر افراد کی توجہ 20 فروری کو متعارف کرائے جانے والے سام سنگ گلیکسی ایس 10 سیریز پر ہے مگر 25 فروری سے شروع ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر جو ڈیوائسز سامنے آئیں گی ان میں نوکیا 9 پیور ویو سب سے منفرد ہے۔

یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ثابت ہونے والا ہے جس میں بیک پر 5 کیمرے دیئے جارہے ہیں۔

نوکیا کافی عرصے سے اسمارٹ فون مارکیٹ میں زیادہ نمایاں کمپنی نہیں مگر اسے توقع ہے کہ اس کا نیا فلیگ شپ فون صورتحال بدل دے گا۔

اور 5 بیک کیمروں سے لیس لوگوں کی توجہ کیوں حاصل نہیں کرے گا جبکہ ابھی تک 4 سے زیادہ کیمروں والا فون سامنے ہی نہیں آیا ہے۔

اور اب اس فون کی واضح تصویر اور ڈیزائن لیک ہوکر سامنے آگئے ہیں۔

91 موبائل نے نوکیا 9 پیور ویو کے پریس رینڈر لیک کیے اور ان تصاویر سے حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والی رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں۔

یہ فون رواں ماہ کے آخر میں متعارف کرایا جائے گا اور تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس میں کیمرے گول دائرے میں دیئے گئے ہیں جن میں ایک ایل ای ڈی فلیش اور آٹو فوکس موڈیول بھی بائیں اور دائیں موجود ہیں۔

فوٹو بشکریہ 91 موبائلز
فوٹو بشکریہ 91 موبائلز

نوکیا پہلی بار اپنے فون میں ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ سنسر کا فیچر بھی متعارف کرانے والی ہے۔

مگر ڈیزائن کے لحاظ سے یہ زیادہ منفرد فون نہیں اور اس میں بیزل کافی نمایاں ہیں۔

یہ فون ممکنہ طور پر گزشتہ سال کے اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، سکس جی بی ریم اور 64 یا 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا۔

اس فون میں 5.99 انچ ڈسپلے دیا جائے گا، یعنی یہ چند منفرد اور مڈرینج فیچرز اور ڈیزائن کا حامل فون ہوگا جس کی قیمت کا فی الحال کوئی اندازہ لگانا مشکل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں