لاہور میں عدالت کے باہر فائرنگ کا ایک اور واقعہ، پسند کی شادی کرنے والا ہلاک

09 فروری 2019
بلال عظیم عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے سیشن کورٹ آیا تھا — فائل فوٹو اے ایف پی
بلال عظیم عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے سیشن کورٹ آیا تھا — فائل فوٹو اے ایف پی

صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کی مقامی عدالت کے باہر فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص پسند کی شادی کے کیس میں پیشی پر سیشن کورٹ آیا تھا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کردی۔

نامعلوم افراد فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص ہلاک ہوگیا۔

مزید پڑھیں: لاہور: عدالت میں فائرنگ، زیر حراست قتل کا ملزم ہلاک

عدالت کے باہر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بلال عظیم کے نام سے ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ بلال عظیم نے ایک ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور لڑکی کے والدین نے ان پر تھانہ مغل پورہ میں مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بلال عظیم عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے سیشن کورٹ آیا تھا۔

یاد رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ عدالت میں ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، اس سے قبل بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: سیشن کورٹ میں وکیل کی فائرنگ سے 2 وکلا ہلاک

مختلف شہروں کی عدالتوں میں سیکیورٹی میں غفلت یا دیگر وجوہات کی بنا پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مجموعی طور پر لاہور میں 2011 سے اب تک درجن سے زائد افراد کو مختلف عدالتوں میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا جاچکا ہے۔

گزشتہ سال 31 جنوری کو سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ سے کانسٹیبل آصف اور زیر حراست ملزم ملک امجد ہلاک ہوئے تھے، 20 فروری کو 2 وکلاء کو کمرہ عدالت کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل ڈیرہ غازی خان میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جب پیشی کے بعد واپس جانے والے افراد پر مخالفین کی جانب سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں