مرد حضرات ذہنی طور پر عمر سے زیادہ بوڑھے ہوتے ہیں، تحقیق—فوٹو: ان سپلاش
مرد حضرات ذہنی طور پر عمر سے زیادہ بوڑھے ہوتے ہیں، تحقیق—فوٹو: ان سپلاش

اگرچہ دنیا بھر میں یہ سمجھا اور کہا جاتا ہے کہ خواتین کے مقابلے مرد حضرات زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔

تاہم حال ہی میں امریکا میں ہونے والی ایک چھوٹی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مرد حضرات کے مقابلے خواتین ذہنی طور پر زیادہ جوان ہوتی ہیں اور ان میں مسائل کو حل کرنے کی اہلیت بھی کچھ زیادہ ہوتی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہو کہ خواتین صحت کے کچھ معاملات میں مرد حضرات کے مقابلے زیادہ بہتر ہوتی ہیں۔

اس سے پہلے بھی متعدد تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ خواتین صحت کے کچھ معاملات میں مرد حضرات سے بہتر ہوتی ہیں۔

امریکی سائنسی جرنل ’پی این ایس اے‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکا میں ماہرین نے 121 خواتین اور 84 مرد حضرات کے ذہنوں کا معائنہ کیا۔

ماہرین نے رضاکاروں کے ذہنوں کا اسکین مشینوں اور ایلگورتھم کے ذریعے چیک اپ کیا۔

ماہرین نے دونوں صنف کے رضاکاروں کے ذہنوں کی عمر اور ان کے میٹابولزم کی صحت کا جائزہ لیا۔

رپورٹ کے مطابق جائزے کے نتائج سے بات سامنے آئی کہ خواتین کے ذہنوں کا میٹابولزم زیادہ متحرک تھا اور ان کے ذہنوں میں گلوکوز اور شگر کی مقدار بھی بہتر تھی۔

نتائج کے مطابق خواتین کے ذہنوں کا میٹابولزم بہتر ہونے کی وجہ سے وہ ذہنی طور پر اپنی حقیقی عمر سے کم سے کم ساڑھے تین سال جوان ہوتی ہیں۔

نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ مرد حضرات کے ذہنوں میں گلوکوز اور شگر کی کم مقدار کی وجہ سے وہ ذہنی طور پر اپنی اصلی عمر سے کم سے کم ڈھائی سال بوڑھے نظر آتے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ اگرچہ نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ خواتین ذہنی طور پر مرد حضرات کے مقابلے زیادہ جوان لگتی ہیں، تاہم ابھی اس بات کا پتہ لگانا باقی ہے کہ دونوں میں یہ فرق کیوں ہوتا ہے؟

ماہرین کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر مزید تحقیق کرکے اس بات کا پتہ لگانے کی ضرورت ہے کہ خواتین ذہنی طور پر مرد حضرات کے مقابلے زیادہ جوان کیوں لگتی ہیں؟

ماہرین کےمطابق بظاہر ایسا لگتا ہےکہ خواتین کم عمری میں ہی اپنے ذمہ دارانہ طرز زندگی کی وجہ سے ذہنی طور پر جوان ہوجاتی ہیں، تاہم سائنسی حوالے سے اس بات کی تحقیق ہونی ابھی باقی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں