کراچی: مقامی عدالت کے حکم پر ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) میں ٹریفک حادثے میں بلی کو جان سے مارنے پر خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

درخشاں پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے خلاف روڈ حادثے میں بلی کو مارنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: معذور جانوروں کا گھر

ایس ایچ او درخشاں پولیس ارشد جنجوعہ نے کہا کہ ’وکیل کی شکایت پر خاتون کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے سیکشن 429 کے تحت مقدمہ درج کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے بلی زخمی ہو گئی تھی‘.

قبل ازیں جب شکایت کنندہ وکیل واقعے پر خاتون کے خلاف آیف آر درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچے تو حکام نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

بعد ازاں وکیل نے عدالت سے رجوع کیا جہاں پولیس نے جج کے سامنے موقف اختیار کیا کہ ’اگر واقعے کا مقدمہ بنتا ہے تو اس میں وکیل کو بھی نامزد کیا جائے، کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر زخمی بلی کو فوری طبی امداد کے لیے جانوروں کے ہسپتال نہیں پہنچایا جس کی وجہ سے بلی نے دم توڑ دیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: جانور پالیں اور ڈپریشن دور بھگائیں

تاہم عدالت نے پولیس کے موقف کو رد کر دیا اور خاتون ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

مقدمہ درج ہونے کے بعد تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سیکشن 429 کے مطابق جانور کو جان بوجھ کر مارنے یا نقصان پہنچانے پر 5 سال قید اور جرمانہ ہوسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں