نیویارک سٹی کی ایک شاہراہ قائداعظم محمد علی جناح کے نام

10 فروری 2019
محمد علی جناح ایونیو کا افتتاح سٹی کونسل کے رکن نے کیا—فوٹورکن سٹی کونسل جمانے ولیمزٹویٹر
محمد علی جناح ایونیو کا افتتاح سٹی کونسل کے رکن نے کیا—فوٹورکن سٹی کونسل جمانے ولیمزٹویٹر

امریکا کے شہر نیویارک سٹی میں بروکلین کی ایک شاہراہ کے مصروف حصے کو ‘پاکستان زندہ باد’ کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام کر دیا گیا۔

بروکلین کی شاہراہ کو دسمبر 2018 میں محمد علی جناح سےمنسوب کردیا گیا تھا اور اب جس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔

کونی آئس لینڈ ایونیو کوبانی پاکستان سے منسوب کرکے ‘محمد علی جناح وے’ کا نام دینے کا فیصلہ 26 دسمبر کو نیویارک سٹی کے کونسل میں ایک قرار داد کے ذریعے کیا گیا تھا جہاں پاکستانی برادری کی اکثریت رہائش پذیر ہے۔

پاکستانی-امریکن یوتھ آرگنائزیشن اور پاکستانی برادری کی برسوں کی محنت اور لابنگ کے نتیجے میں سٹی کونسل نے یہ فیصلہ کیا تھا۔

محمد علی جناح وے کا افتتاح کرنے والے سٹی کونسل کے رکن جمانے ولیمز نے کونسل میں اس حوالے سے قرار داد پیش کی تھی جبکہ افتتاحی تقریب میں پاکستانیوں کے علاوہ امریکی شہری بھی موجود تھے جہاں سبز پرچم کی بہار تھی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جارہے تھے۔

نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

پاکستانی-امریکن یوتھ آرگنائزیشن کے صدر وکیل احمد نے ‘لٹل پاکستان’ سے مشہور کونی آئس لینڈ ایونیو کو محمد علی جناح وے کے ان کے خواب کو سچا بنانے پر جمانے ولیمز اور سٹی کونسل کے دیگر اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ پاکستانی امریکن برادری اور پاکستانی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے’۔

سٹی کونسل کے رکن جمانے ولیمز نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ پاکستانی برادری کی خدمت اور ایونیو کا نیا نام دینے کے افتتاح کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے باخبر تھے کہ پاکستانی برادری نائن الیون کے حملے کے بعد سے مشکل میں تھے۔

ولیمز نے کہا کہ ‘پاکستانی برادری نے مشکل وقت کا سامنا کیا اور اب ایسے مقام پر پہنچے ہیں جہاں نیویارک سٹی کونسل نے ان کے بابائے قوم کے لیے خصوصی اعزاز دیا’۔

پاکستانی قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ نے کہا کہ آج کی تقریب پاکستانی برادری اور نیویارک سٹی کونسل کے درمیان تعلق اور دوستی کی عکاس ہے۔

انہوں نے پاکستانی-امریکن یوتھ آرگنائزیشن کو ان کی بہترین خدمات اور امریکا میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

نعیم اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ سٹی کونسل کا قائد اعظم کے اعزاز میں یہ فیصلہ ‘عظیم رہنما، بے باک وکیل اور انقلابی سیاسی رہنما کا اعتراف ہے جن کی لازوال جدوجہد کے نتیجےمیں پاکستان وجود میں آیا’۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں