کراچی: پی ایس پی رہنما 'قاتلانہ حملے' میں محفوظ

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2019
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما میر عتیق تالپور پارٹی چیئرمین مصطفیٰ کمال کے ہمراہ— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما میر عتیق تالپور پارٹی چیئرمین مصطفیٰ کمال کے ہمراہ— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سینئر رہنما پر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں نامعلوم افراد کی جانب سے قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس میں وہ اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے جنرل سیکریٹری میر عتیق تالپور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ ڈیفنس کے علاقے خیابان شہباز پر ایک گاڑی میں موجود مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

مزید پڑھیں: کراچی: پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ، 2 کارکن جاں بحق، 2 زخمی

حملے میں میر عتیق تالپور اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے جبکہ کچھ گولیاں کار کے بمپر پر لگیں۔

حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

درخشاں پولیس کے ایس ایچ او ارشد جنجوعہ نے بتایا کہ میر عتیق اسی علاقے میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کھانے پر جا رہے ہیں اور وہ مبینہ طور پر غیر رجسٹر شدہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق گاڑی میں موجود ایک مسلح شخص نے پی ایس پی رہنما کو پستول دکھایا جس سے وہ گھبرا گئے، انہوں نے گھبرا کر اپنی گاڑی کو ریورس کیا اور اپنی گاڑی مسلح افراد کی گاڑی سے ٹکرا دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سرزمین پارٹی کب اور کیسے وجود میں آئی؟

کچھ پولیس افسران نے میر عتیق کی رہائش گاہ کا دورہ بھی کیا تاکہ ان کا بیان ریکارڈ کر کے ایف آئی آر کے اندراج اور حملہ آوروں کی شناخت اور مقصد معلوم کیا جا سکے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پولیس سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ محمد شاہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 10 فروری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں