وزیراعلیٰ بلوچستان کا 5 برس میں 25 کروڑ درخت لگانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 10 فروری 2019
وزیراعلیٰ بلوچستان  نے عوام سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے پر زور دیا— فوٹو: رینا سعید خان
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے پر زور دیا— فوٹو: رینا سعید خان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے آئندہ 5 برس میں صوبے بھر میں 25 کروڑ درخت اور رواں برس 12 لاکھ درخت لگانے کا اعلان کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 5 برس میں صوبے بھر میں 25 کروڑ درخت اور پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جنگلات میں پھر سے شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے نیا جنگلات ایکٹ بھی نافذ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہریوں سے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

جام کمال کا یہ بیان وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب کے علاقے میں شجرکاری کی مہم کے افتتاح کے محض ایک روز بعد آیا ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں جنگلات کم ہیں اس لیے پاکستان کے جنگلات کو ہر قیمت پر بچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کے 70 فیصد جنگلات کاٹے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے ماحول میں عدم توازن پیدا ہوا ہے'۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2018 میں بھی وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Feb 10, 2019 09:03pm
Ma Sha Allah...