سگریٹ نوشی سے نجات میں مددگار 3 آسان طریقے

10 فروری 2019
اس کو یقینی بنانا اتنا آسان نہیں ہوتا— شٹر اسٹاک فوٹو
اس کو یقینی بنانا اتنا آسان نہیں ہوتا— شٹر اسٹاک فوٹو

تمباکو نوشی کے عادی افراد کی زندگی میں ایک بار ضرور ایسا وقت آتا ہے جب وہ اس عادت سے نجات پانے کا فیصلہ کرتا ہے۔

سننے اور سمجھنے میں تو یہ اچھا فیصلہ ہوتا ہے مگر اس کو یقینی بنانا اتنا آسان نہیں ہوتا۔

نکوٹین کی لت سے نجات پانا کسی باغ میں چہل قدمی جتنا آسان نہیں بلکہ اس کے لیے کافی تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس عادت سے نجات آپ کے لیے کتنی اچھی ہے بلکہ ان وجوہات کی فہرست لکھ کر مرتب کرلیں جو سگریٹ چھوڑنے کو اچھا عمل ثابت کرسکے۔

اس کا آغاز اپنی صحت میں بہتری لکھ کر کریں اور یہی وجوہات آپ کو اس لت سے جان چھڑانے میں مدد دے سکے گی۔

اس کے علاوہ چند آسان طریقوں سے بھی آپ اس لت سے نجات پاسکتے ہیں۔

وقفہ بڑھائیں

جی ہاں سب سے پہلے تو آپ کو جب سگریٹ کی طلب ہو تو اسے پوری نہ کریں بلکہ جس حد تک ٹال سکتے ہیں، ٹالیں۔ یاد رکھیں آپ اپنی اس لت کو جتنا پورا کریں گے، اتنا ہی اس سے پیچھا چھڑانا مشکل ہوگا اور نکوٹین سے نجات کی کوشش بہت تکلیف دہ ثابت ہوگی۔

تحمل مزاجی

اس لت سے نجات پانا بہت مشکل ہوتا ہے اور اس کے لیے حقیقی معنوں میں تحمل کی ضرورت ہوتی ہے، اس لت کا عفریت نجات کی کوشش کے ساتھ ہی زیادہ بھوکا ہوجاتا ہے اور مشکلات پیدا کرنے لگتا ہے، اس کے نتیجے میں مختلف علامات سامنے آتی ہیں مگر اس عفریت کو خود پر قابو پانے کی بجائے اس پر قابو پانے کی کوشش کریں اور سگریٹ پینے کے وقفے کا دورانیہ تبدریج بڑھاتے چلے جائیں۔

آخری قدم

جب آپ کے اندر کافی حد تک مزاحمت پیدا ہوجائے اور سگریٹ پینے کی خواہش کم پڑنے لگے تو پھر وقت آگیا ہے جب آپ اس سے مکمل نجات پالیں اور اسے ہاتھ تک نہ لگائیں۔ آپ کو کچھ مشکلات کا سامنا ضرور ہوگا مگر کچھ دنوں میں ہی آپ اس پر قابو پالیں گے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں