شاہ رخ خان کا 10 سال بعد امیتابھ بچن سے ’بدلہ‘ لینے کا ارادہ

12 فروری 2019
یہ دونوں ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یہ دونوں ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے بولی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن سے سوشل میڈیا پر بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں تیار رہنے کے لیے آگاہ کردیا۔

شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے امیتابھ بچن کو مینشن کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان سے بدلہ لیں گے۔

تاہم شاہ رخ خان نے یہ بات واضح نہیں کی کہ وہ امیتابھ بچن سے کس بات کا بدلہ لینے جارہے ہیں۔

جس کے بعد امیتابھ بچن نے بھی شاہ رخ خان کو جواب دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بدلہ لینے کا وقت تو نکل گیا اب تو سب کو بدلہ دینے کا وقت ہے‘۔

اس سے قبل آپ کو ایسا لگے کہ ان دونوں اداکاروں کے درمیان کوئی جھگڑا ہوا ہے، ہم آپ کو بتادیں کہ شاہ رخ خان یہاں امیتابھ بچن کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’بدلہ‘ کے بارے میں بات کررہے ہیں، جس میں تاپسی پنو بھی اہم کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

شاہ رخ خان نے اس فلم میں امیتابھ بچن اور تاپسی پنو کے پوسٹر بھی شیئر کیے، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’اب ماحول کچھ بدلہ بدلہ نظر آرہا ہے‘۔

فلم ’بدلہ‘ کا پہلا ٹریلر بھی انٹرنیٹ پر جاری کردیا گیا جسے دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ اس کی کہانی کسی راز پر مبنی ہے۔

2 منٹ 14 سیکنڈ پر مبنی اس فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا کہ امیتابھ بچن نے ایک وکیل کا کردار نبھایا ہے جو ناپسی پنو کا مقدمہ لڑیں گے جبکہ تاپسی پنو کو اپنے بوائے فرینڈ کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور تاپسی پنو اس سے قبل فلم پنک میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

اس فلم کی پروڈکشن شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی کے ریڈ چلیز کے بینر تلے کی جارہی ہے، جبکہ سوجوئے گھوش فلم کی ہدایات دے رہے ہیں۔

شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی اس ٹریلر کو شیئر کیا۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن آخری مرتبہ 2008 کی فلم ’بھوت ناتھ‘ میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئے تھے، جبکہ ایسی بھی رپورٹس ہیں کہ شاہ رخ خان فلم ’بدلہ‘ میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

فلم ’بدلہ‘ رواں سال 8 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں