لیجنڈ ریسلر آخرکار ڈبلیو ڈبلیو ای کو الوداع کہنے کیلئے تیار؟

11 فروری 2019
انڈر ٹیکر کی ریٹائرمنٹ کی افواہیں ہر سال سامنے آتی ہیں — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
انڈر ٹیکر کی ریٹائرمنٹ کی افواہیں ہر سال سامنے آتی ہیں — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ہر سال جنوری کے بعد یہ اطلاعات سامنے آنے لگتی ہیں کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو خیرباد کہنے والے ہیں بلکہ 2017 میں ریسل مینیا 33 میں رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد تو سب نے مان لیا تھا کہ وہ ریٹائر ہوچکے ہیں۔

مگر وہ ریسل مینیا 34 میں ایک بار پھر واپس آئے اور جان سینا کو شکست دی جبکہ اس کے بعد بھی کئی ایونٹس میں شریک ہوئے۔

مگر اب ایک بار پھر لگتا ہے کہ انڈر ٹیکر نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس بار کچھ واضح علامات بھی نظر آرہی ہیں۔

امریکی جریدے فوربس کے مطابق انڈرٹیکر نے گزشتہ سال نومبر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد سے اپنی ذاتی تفصیلات میں سے ڈبلیو ڈبلیو ای کے تمام حوالوں کو ہٹا دیا۔

اب انہوں نے ایک ای میل ایڈریس اس اکاﺅنٹ پر دیا ہوا، جس کے ذریعے ان کی بکنگ کے لیے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس سال ریسل مینیا 35 میں انڈر ٹیکر کی شمولیت کا امکان نہیں اور کمپنی نے ان کے لیے کسی میچ کی منصوبہ بندی نہیں کی ہوئی، یہاں تک کہ وہ اپنے ریسلنگ کردار کا تحفظ بھی نہیں کررہے۔

عام طور پر انڈر ٹیکر اپنے مخصوص انداز کا تحفظ کرتے ہیں اور بہت کم عوامی سطح پر نظر آتے ہیں مگر اب وہ میڈیا بکنگ کررہے ہیں اور یہ اس وقت ہوا ہے جب کمپنی نے ریسل مینیا میں ان کے لیے کوئی میچ شیڈول نہیں کیا۔

انڈر ٹیکر اس وقت مداحوں کو آٹوگراف دینے کے عوض فی گھنٹہ 25 ہزار ڈالر (لگ بھگ 35 لاکھ پاکستانی روپے) کما رہے ہیں۔

اپنے ڈیڈ مین کریکٹر سے ان کی دوری اس بات کا عندیہ ہے کہ وہ ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں یا اس کا اعلان کرنے کے قریب ہیں۔

ویسے بھی 53 سال کی عمر میں ان کے لیے رنگ میں ماضی جیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا آسان نہیں، خصوصاً گزشتہ سال جن مقابلوں کا وہ حصہ بنے، ان میں وہ کافی سست نظر آئے۔

ویسے انڈر ٹیکر نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے جو معاہدہ کررکھا ہے وہ 2021 تک کا ہے اور اس کے تحت کمپنی انہیں سالانہ ساڑھے 17 لاکھ ڈالرز (20 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنے کی پابند ہے۔

اس معاہدے کے تحت لیجنڈ ریسلر کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے مختلف ایونٹس میں شرکت کرنا ہے جیسے مداحوں کو آٹو گراف دینا وغیرہ۔

واضح رہے کہ انڈر ٹیکر 1990 سے ڈبلیوڈبلیو ای کا حصہ بنے ہوئے ہیں جو مسلسل 21 سال تک ریسل مینیا میں ناقابل شکست رہے اور ان کا یہ تسلسل بروک لیسنر نے ریسل مینیا 30 (2014) میں توڑا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں