'میں نے اپنے ہاتھ 10 سال سے نہیں دھوئے ہیں'

11 فروری 2019
یہ اعتراف ایک معروف اینکر نے کیا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ اعتراف ایک معروف اینکر نے کیا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

ویسے تو جب بھی واش روم جانا ہو تو ہاتھ دھوئے بغیر چین نہیں ملتا۔

اور جب بات ٹی وی اسکرین پر خبریں پڑھنے والے یا کسی شو کی میزبانی کرنے والے اینکر کی ہو جو بہترین لباس زیب تن کرتے ہیں تاکہ ناظرین ان کی شخصیت سے متاثر ہوسکیں، یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ وہ جسمانی صفائی کا خیال نہ رکھیں۔

مگر کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ کوئی ٹی وی میزبان اعتراف کرے کہ اس نے برسوں سے اپنے ہاتھ تک دھوئے یا صاف نہیں کیے؟

مگر ایسا ہی ایک لائیو ٹی وی نشریات کے دوران سننے میں آیا جس کو سن کر بھی یقین کرنا مشکل ہے۔

امریکا کے فوکس ٹی کے میزبان پیٹ ہیگسا نے ایسا اعتراف کیا۔

اتوار کی صبح نشر ہونے والے پروگرام کے دوران پیٹ ہیگسا نے کہا کہ وہ جسمانی صفائی کی سرگرمیوں پر یقین نہیں رکھتے۔

ان کے بقول 'میرا 2019 کا عہد یہ ہے کہ آن ائیر وہ سب کچھ کہوں جو میں آف ائیر کہتا ہوں، میرا نہیں خیال کہ میں نے اپنے ہاتھ 10 سال سے نہیں دھوئے ہیں'۔

جب ان کے ساتھی میزبان یہ سن کر ہنسنے لگے تو پیٹ ہیگسا نے کہا ' یقین کریں میں اپنے ہاتھ نہیں دھوتا، میں خود کو جراثیموں سے آلودہ کررہا ہوں'۔

انہوں نے مزید کہا ' جراثیم حقیقی چیز نہیں، میں انہیں نہیں دیکھ سکتا تو وہ حقیقی نہیں'۔

یہاں تک کہ انہوں نے ٹوئٹر پر ہاتھوں کی صفائی کے حوالے سے اپنے موقف کا دفاع ایک ہیش ٹیگ ڈونٹ واش سے کیا۔

یہ موقف ایسا ہی ہے جیسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ موسمیاتی تبدیلیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

ویسے یہ واضح نہیں کہ وہ کس حد تک سنجیدہ تھے مگر یہ واضح تھا کہ وہ خود کو جراثیموں سے محفوظ سمجھتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ کبھی بیمار نہیں ہوسکتے۔

ویسے طبی ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص ہاتھوں کو دھونا چھوڑ دے تو نہ صرف اس کی بلکہ اس کے ارگرد موجود افراد کی صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے، یہ درحقیقت جراثیموں کو پھیلنے سے روکنے کا آسان ترین طریقہ ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Saeed Feb 11, 2019 10:47pm
Cleanliness is half faith as told by Prophet(PBUH).The soul and body of true Muslim you will ever find clean.