ہر ایک کی پسندیدہ یہ غذا جلد موت کا خطرہ بڑھائے

11 فروری 2019
یہ بات فرانس میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات فرانس میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

مغر بی غذاﺅں کا استعمال آپ کی زندگی کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بات فرانس میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

پیرس۔ سوربون یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سفید ڈبل روٹی، برگر، پیزا، بسکٹ، فرنچ فرائیز، چپس، سافٹ ڈرنکس اور کیک وغیرہ کھانے کا شوق زندگی کے کئی برس کم کرسکتا ہے۔

45 ہزار کے قریب درمیانی عمر کے افراد پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ امراض قلب، کینسر اور دیگر جان لیوا امراض اور مغربی غذاﺅں کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ یہ غذائیں اکثر کھانا عادت بنانا قبل از وقت موت کا باعث بن سکتی ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ ان غذاﺅں کا زیادہ استعمال اگلے 8 برسوں میں مختلف امراض سے موت کا خطرہ 14 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔

اس سے قبل طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ چربی سے بھرپور ایسی غذائیں جن میں فائبر بہت کم ہوتا ہے، ہائی بلڈ پریشر اور کینسر کا خطرہ بڑھاتی ہیں، مگر یہ پہلی بات ہے کہ جب ان کے استعمال اور موت کے خطرے کا جائزہ لیا گیا۔

محققین نے بتایا کہ یہ پراسیس شدہ غذائیں متعدد اجزا پر مشتمل ہوتی ہیں جیسے چربی، سچورٹیڈ فیٹ، ایڈڈ شوگر اور دیگر، جن سے طویل العمیاد بنیادوں پر جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جاما انٹرنل میڈیسین میں شائع ہوئے، جس کے دوران محققین نے 3 ہزار مختلف غذائی اجزا کو پراسیسنگ کے لحاظ سے 4 گروپس میں تقسیم کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں