سعودی ولی عہد کی 16 فروری کو پاکستان آمد، 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے

اپ ڈیٹ 12 فروری 2019
محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں، جس کے مطابق ولی عہد 16 فروری کو پاکستان آئیں گے۔

سعودی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب میں 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس دورے سے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی جبکہ سعودی ولی عہد وزیر اعظم ہاؤس میں قیام کریں گے۔

سعودی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے بعد سعودی ولی عہد ملائیشیا کے درالحکومت کوالالمپور روانہ ہوں گے۔

اس سے قبل گزشتہ روزسعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کی تیاریوں کے سلسلے میں ان کا ضروری سامان پاکستان پہنچایا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ محمد بن سلمان کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد کے 2 بڑے ہوٹل مکمل طور پر جبکہ 2 جزوی طور پر بک کر لیے گئے ہیں اور سعودی عرب کے میڈیا نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے۔

سعودی ولی عہد کی سیکیورٹی اور ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی اور دو روز پاکستان میں قیام کے سلسلے میں محمد بن سلمان کی ورزش کا سامان، فرنیچر، ضروری اشیا کے 5 ٹرک مقامی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران سعودی وفود اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کریں گے جبکہ سعودی ولی کا وزیراعظم ہاؤس میں قیام متوقع ہے۔

محمد بن سلمان پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئیں گے جہاں انہیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دورے کی دعوت دی تھی۔

سعودی ولی عہد کی آمد پر سیکیورٹی پلان

وفاقی حکومت نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان امد پر سیکورٹی پلان تیار کرلیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سعودی سفارتخانے کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل سیکیورٹی ٹیم کی ریہرسیل کیے جانے کا فیصلہ کیا۔

علاوہ ازیں پولیس رینجرز کے 2 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کئے جائے گئے اور پولیس اہلکاروں کو بھی خصوصی پاسیز جاری کیے جائیں گے۔

سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی کو کلیئر کروایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں