دل 1990 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
دل 1990 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

ویسے تو بولی وڈ میں گزشتہ ایک دہائی سے مقبول فلموں کے سیکوئل بنانے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور اب تک چند فلموں کے چار چار سیکوئل بھی سامنے آ چکے ہیں۔

ایک کے بعد ایک سیکوئل کی کامیابی کی وجہ سے جہاں فلم پروڈیوسرز اور اداکار سیکوئلز کے عادی بن چکے ہیں۔

وہیں بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو یہ اعزاز بھی جاتا ہے کہ آج تک ان کی کسی فلم کا سیکوئل نہیں بنا۔

اگرچہ عامر خان کی کسی فلم کا سیکوئل نہیں بنا، تاہم وہ کامیاب فلم سیریز ’دھوم‘ کے سیکوئل میں کام کر چکے ہیں۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلموں کے سیکوئل کے حوالے سے مختلف اوقات میں چہ مگوئیاں ہوتی رہیں ہیں، تاہم آج تک ان کی فلم کے کسی سیکوئل کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

لیکن اب اطلاعات ہیں کہ عامر خان کی ماضی کی مقبول رومانوی فلم ’دل‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

شوبز نشریاتی ادارے ’فلم فیئر‘ نے اپنی رپورٹ میں ایک اور خبر رساں ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلم ساز اندرا کمار اپنی مقبول فلم ’دل‘ کے سیکوئل بنانے کا آغاز کر چکے۔

فلم ایوارڈز جیتنے میں بھی کامیاب گئی تھی—اسکرین شاٹ
فلم ایوارڈز جیتنے میں بھی کامیاب گئی تھی—اسکرین شاٹ

اپنی آنے والی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کی تشہیر میں مصروف فلم ساز اندرا کمار کا کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ ’دل‘ کا سیکوئل بنائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق فلم ساز نے ’دل‘ کے سیکوئل کی کہانی کو مکمل کرلیا ہے اور سیکوئل کا نام ’دل اگین‘ رکھا جائے گا، جو پہلی فلم کی طرح رومانوی ہوگی۔

اندرا کمار نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ کی اس مقبول فلم کا سیکوئل بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اور اب انہوں نے اس کے اسکرپٹ پر کام مکمل کرلیا۔

فلم ساز کے مطابق سیکوئل فلم کا نام ’دل اگین‘ رکھا جائے گا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کب تک فلم کی شوٹنگ شروع کی جائے گی۔

فلم ساز نے سیکوئل کی کاسٹ اور کہانی سے متعلق بھی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی، تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی فلم میں نئے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

اندرا کمار کی ٹوٹل دھمال میں بھی مادھوری کو کاسٹ کیا گیا ہے—فوٹو: فلم فیئر
اندرا کمار کی ٹوٹل دھمال میں بھی مادھوری کو کاسٹ کیا گیا ہے—فوٹو: فلم فیئر

آئندہ چند ہفتوں میں فلم کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ’دل‘ کو 1990 میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم میں مادھوری ڈکشٹ اور عامر خان پہلی بار رومانس کرتے دکھائی دیے تھے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں انوپم کھیر اور سعید جعفری جیسے اداکار شامل تھے۔

فلم میں عامر خان نے غریب والد کے اکلوتے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا، جسے اتفاق سے امیر لڑکی یعنی مادھوری ڈکشٹ سے محبت ہوجاتی ہے۔

عامر خان کے والد انوپم کھیر بیٹے کے لیے امیر اور خوبصورت لڑکی کی تلاش میں رہتے ہیں۔

دونوں کی لازوال محبت کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی اس فلم کے گانے بھی کافی مقبول ہوئے تھے اور یہ فلم شاندار کمائی کرنے میں کامیاب گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں