ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے مقبول ترین اسٹار کو سزا سنادی

12 فروری 2019
بیکی لنچ کو 60 دن کے لیے معطل کردیا گیا ہے — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
بیکی لنچ کو 60 دن کے لیے معطل کردیا گیا ہے — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای نے اس وقت اپنے مقبول ترین اسٹار کو 60 دن کے لیے معطل کردیا اور وہ اب بظاہر ریسل مینیا کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔

جی ہاں ڈبلیو ڈبلیو ای نے اس وقت لوگوں میں مقبول ریسلر بیکی لنچ کو 60 دن کے لیے معطل کردیا ہے اور وہ بھی ریسلر کی جانب سے معذرت کے بعد۔

گزشتہ شب ڈبلیو ڈبلیو ای شو را کے آغاز میں بیکی لنچ کو ریسل مینیا 35 میں را ویمن چیمپئن رونڈا راﺅسی سے مقابلے کے لیے ٹرپل ایچ اور اسٹیفنی میکموہن کی جانب سے معذرت کی شرط عائد کی گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے بیکی لنچ کو اسٹیفنی میکمون نے معطل کردیا تھا جس کی وجہ وہ اپنی انجری کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع نہیں کررہی تھیں، جس پر انہوں نے اسٹیفنی میکموہن اور منگل کو ٹرپل ایچ پر حملہ کیا۔

اب ڈاکٹروں نے بیکی لنچ کو مقابلے کے لیے کلیئر قرار دے دیا جس پر را کمشنر اسٹیفنی میکموہن اور ان کے شوہر ٹرپل ایچ نے ریسلر کی ریسل مینیا میں شرکت معذرت سے مشروط کردی۔

بعد ازاں شو کے اختتام پر بیکی لنچ نے ڈبلیو ڈبلیو ای اتھارٹی عہدیداران سے معذرت کر بھی لی۔

جی ہاں بیکی لنچ نے معذرت بھی کرلی مگر پھر بھی ریسل مینیا میں رونڈا راﺅسی سے مقابلے کا حق گنوا دیا۔

اس موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ای چیئرمین ونس میکموہن وہاں آئے اور بیکی لنچ کو 2 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا اور ان کی واپسی ریسل مینیا کے 5 دن بعد ہوگی۔

ونس میکموہن نے فوری طور پر بیکی لنچ کی جگہ شیرولیٹ فلیئر کو رونڈا راﺅسی کے مقابلے پر لانے کا بھی اعلان کیا۔

ایسا لگتا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای ایک بار پھر اتھارٹی کارپوریشن بمقابلہ ریسلر کی آزمودہ حکمت عملی کو اپنا رہی ہے جس سے بیکی لنچ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا جو پہلے ہی اپنے کیرئیر کے بہترین دور سے گزر رہی ہیں۔

اس طرح کا منظر 2014 کے آغاز میں بھی دیکھنے میں آیا تھا جب ڈبلیو ڈبلیو ای اتھارٹی نے ڈینیئل برائن کو چیمپئن شپ سے محروم رکھنے کی ہر کوشش کی۔

یہاں تک کہ ریسل مینیا میں چیمپئن شپ مقابلے میں شمولیت اس ایونٹ کے افتتاحی میچ میں کامیابی سے مشروط کی گئی جو ٹرپل ایچ اور ڈینیئل برائن کے درمیان ہوا۔

ایسا لگتا ہے کہ اب ریسل مینیا 35 کا مین ایونٹ رونڈا راﺅسی، شیرولیٹ فلیئر اور بیکی لنچ کے درمیان ہی ہوگا، مگر بیکی لنچ کی واپسی کیسے ہوگی، یہ آنے والے ہفتوں میں معلوم ہوسکے گا۔

خیال رہے کہ ریسل مینیا 35 سات اپریل کو شیڈول ہے، جس میں پہلی بار خواتین ریسلرز ایونٹ کے اختتامی میچ کا حصہ بن سکتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں