عرفان خان صحت مند ہو کر پھر سے اداکاری کرنے کو تیار

اپ ڈیٹ 11 اپريل 2019
اداکار فروری کے اختتام تک فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے—فوٹو: اسٹار ان فولڈ
اداکار فروری کے اختتام تک فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے—فوٹو: اسٹار ان فولڈ

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کے دنیا بھر میں موجود کروڑوں مداح گزشتہ برس اس وقت پریشان ہوگئے تھے جب اداکار کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

عرفان خان نے جہاں بیماری کے علاج کے دوران بھی ہمت نہیں ہاری اور اپنے مداحوں کو وقتا بوقتا اپنی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے تھے۔

ان کی زندگی پر ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب وہ زندگی سے مکمل طور پر مایوس دکھائی دیے تھے، تاہم بعد ازاں ان کی صحت بہتر ہونے لگی۔

گزشتہ برس اگست تک عرفان خان کی برطانیہ میں 6 کیموتھراپیاں کی گئی تھیں، جس کے بعد کہا جا رہا تھا کہ وہ جلد ہی بھارت لوٹیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان صحت مند زندگی کی طرف لوٹنے لگے

اکتوبر 2018 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عرفان خان کی صحت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور وہ جلد ہی بھارت پہنچیں گے۔

دوران علاج کچھ وقت کے لیے عرفان خان مایوس بھی ہوگئے تھے—فوٹو: سوشل پوسٹ
دوران علاج کچھ وقت کے لیے عرفان خان مایوس بھی ہوگئے تھے—فوٹو: سوشل پوسٹ

یہ رپورٹس بھی تھیں کہ عرفان خان ایک ہفتے کے اندر بھارت پہنچیں گے، تاہم ان کی آمد کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہ آ سکی تھی۔

تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہ بھارت پہنچ چکے ہیں اور ان کا فالو اپ چیک اپ ممبئی کے ایک ہسپتال میں ہو رہا ہے۔

ساتھ ہی خبریں ہیں کہ وہ بالکل صحت مند ہو چکے ہیں اور رواں ماہ کے آخر تک فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

یہ اطلاعات تو پہلے ہی تھیں کہ عرفان خان بیماری کے بعد اداکاری کی شروعات اپنی 2017 کی کامیاب فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل سے کریں گے۔

صبا قمر نے عرفان خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
صبا قمر نے عرفان خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

اور اب خبریں ہیں کہ ’ہندی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے لیے عرفان خان کا لباس بھی تیار کرلیا گیا ہے اور وہ جلد شوٹنگ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پنک ولا نے اپنی رپورٹ میں فلم کی ٹیم کے قریبی ذرائع سے بتایا کہ عرفان خان رواں ماہ 22 فروری سے ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

ہندی میڈیم کی کہانی کو کافی سراہا گیا تھا—اسکرین شاٹ
ہندی میڈیم کی کہانی کو کافی سراہا گیا تھا—اسکرین شاٹ

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ عرفان خان برطانیہ سے بھارت منتقل ہوچکے ہیں اور ان کا فالو اپ چیک اپ ممبئی کے ایک ہسپتال میں ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: کینسر میں مبتلا عرفان خان کے حوالے سے بڑی خبر

ذرائع نے خوشی ظاہر کی کہ عرفان خان صحت یاب ہو چکے ہیں اور وہ جلد ہی فلم کی ٹیم کو شوٹنگ کے لیے جوائن کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ عرفان خان رواں ماہ کے آخر تک فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے، تاہم فلم کی مرکزی اداکارہ کو تاحال کاسٹ نہیں کیا جا سکتا۔

خیال رہے کہ ہندی میڈیم‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے عرفان خان کی اہلیہ کا کردار نبھایا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ سیکوئل میں عرفان خان کی بیٹی کا کردار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان ادا کریں گی اور اس بار فلم میں اداکار کو نوجوان بیٹی کے والد کے طور پر دکھایا جائے گا۔

پہلی فلم میں عرفان خان اور صبا قمر کو ایک کم عمر بیٹی کے والدین کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں