پیوٹن دنیا بھر کی جمہوریتوں کو دھمکا رہے ہیں، مائیک پومپیو

اپ ڈیٹ 12 فروری 2019
مائیک پومپیو نے سلواکیا  کے عوام کو چین سے خبردار رہنے پر زور دیا — فوٹو: اے ایف پی
مائیک پومپیو نے سلواکیا کے عوام کو چین سے خبردار رہنے پر زور دیا — فوٹو: اے ایف پی

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر کی جمہوریتوں کو دھمکا رہے ہیں۔

خبرایجنسی اے ایف پی کے مطابق مائیک پومپیو نے سلواکیا کے دارالحکومت براٹیسلوا میں صحافت کے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر کی جمہورتوں کو کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں، اس حوالے سے کوئی غلطی نہیں کریں، ہمیں تیار رہنا ہوگا‘۔

مائیک پومپیو اپنے دورے میں ہنگری، سلواکیا اور پولینڈ میں ماسکو اور بیجنگ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

مائیک پومپیو نے سلواکیا کے عوام سے کہا کہ وہ سیاسی نظام پر اثرانداز ہونے میں چین کی اقتصادی اور دیگر کوششوں کے خلاف حفاظت کے لیے بھی آگاہ رہیں۔

رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو 3 دہائیاں قبل کمیونیزم کے خاتمے میں امریکا کے کردار پر روشنی ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ مائیک پومپیو گزشتہ 14 برس میں سلواکیا کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا کا روس سے جوہری ہتھیاروں کے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان

انہوں نے سلواکیا کے دورے کے دوران آسٹریا سے ملحق سرحد پر بابِ آزادی میں منعقدہ ایک یادگاری تقریب میں 5 سابق سیاسی قیدیوں سے ملاقات کی، اس مقام پر 1945 سے لے کر 1989 تک مغرب جانے والی آہنی دیوار کو توڑنے کی کوشش میں 4 سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ ’وہ جگہ جہاں کانٹے دار تار اور مسلح گارڈ کھڑے ہوتے تھے آج وہاں لوگ، سامان اور اطلاعات کی باآسانی روانی جاری ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ امریکا سلواکیا کے عوام کے ساتھ ایک دوست اور شراکت دار کے طور پر گزشتہ 30 سال سے کھڑا رہا ہے اور ہم آئندہ دہائیوں میں بھی آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘۔

اس موقع پر سلواکیا کے صدر آندرے کیسکا نے امریکا کو ’ اہم شراکت دار اور اتحادی ‘ قرار دیا ۔

مائیک پومپیو کے ہمراہ سفر کرنے والے سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایشیا جیسی حکمت عملی اپنانا چاہتی ہے، جہاں امریکا برسوں سے چین کی طاقت کو روکنے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ اس حکمت عملی کے تحت ہماری توجہ ان خطوں پر مرکوز ہے جہاں ہمارے حریف چین اور روس مواقع حاصل کررہے ہیں، ہم وہاں اپنے سفارتی، فوجی اور ثقافتی کردار کو بڑھانا چاہتے ہیں‘۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ واشنگٹن وسطی یورپ میں آزادی صحافت کے خاتمے پر تشویش کی وجہ سے آزاد میڈیا کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا اتحادیوں سے 'ہواوے'کے آلات کا استعمال ترک کرنے پر اصرار

مائیک پومپیو نے ہنگری میں وزیراعظم وکٹر اوربان کی حکومت سے روس سے تعلقات اور چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے سے معاہدے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے پومپیو کی جانب سے قریبی تعلقات اور دفاعی تعاون کے وعدے کا خیرمقدم کیا لیکن روس اور چین سے تعلقات پر تشویش کو بھی رد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماسکو سے تعلقات پر مغرب کی تشویش کافی منافقت ہے کیونکہ مغربی یورپ روس کے ساتھ توانائی کے معاہدے کررہا ہے۔

مائیک پومپیو سلواکیا کے دورے کے بعد پولینڈ جائیں گے جہاں وہ مشرق وسطیٰ پر کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کررہے ہیں، یہ کانفرنس ایران سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت موقف اور اسرئیل کے لیے حمایت کو فروغ دے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں