کراچی میں نامعلوم منشیات فروش ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کانسٹیبل محمد فاروق جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں پولیس اور منشیات فروش نامعلوم ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مذکورہ واقعے میں پاک کالونی پولیس اسٹیشن کے ایک کانسٹیبل محمد فاروق ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ منشیات فروش فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

آئی جی سندھ کا ملزمان کے فرار ہونے پر برہمی کا اظہار

ادھر آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ ملزمان کے فرار ہونے پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔

آئی جی سندھ نے سینئر سپرنٹڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) غربی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ کے ساتھ ساتھ ملزمان کے فرار ہونے سے متعلق وضاحت بھی طلب کرلی۔

مزید پڑھیں: کراچی:یونین کونسل کے دفتر میں فائرنگ، ایم کیو ایم کارکن جاں بحق

انہوں نے پولیس پرحملے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی بھی ہدایت کردی۔

آئی جی سندھ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ضلع غربی میں پولیس گشت اور دیگر سیکیورٹی اقدامات کی حکمت عملی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور معلوم کیا جائے کہ کیا یہ اقدامات وضع کردہ طریقہ کے مطابق اٹھائے جارہے ہیں؟

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس سیکیورٹی پلان کے تحت حفاظت خود اختیاری اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں