پی آئی اے کو 5 ارب 60 کروڑ روپے کی اضافی ضمانت کی منظوری

13 فروری 2019
ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی صدارت میں ہوا—فوٹو:ڈان
ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی صدارت میں ہوا—فوٹو:ڈان

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز (پی آئی اے) کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے کی اضافی ضمانت کی منطوری دے دی۔

وفاقی وزیرخزنہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں اراکین نے پی آئی اے کو انجنوں کی مرمت اور اور غیر فعال جہازوں کو بحال کرنے اور دیگر اخراجات کے لیے نقد اضافی ضمانت کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیـصلے کا مقصدپی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’پی آئی اے کو بحال کرنے کے بجائے نئے ایئر لائن کا قیام زیادہ آسان‘

خیال رہے کہ نومبر 2018 میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے لیے 17 ارب روپے سے زائد مالی پیکیج کی منظوری دے دی تھی۔

کپاس کی فصل کی بحالی کے اقدامات

ای سی سی کے اجلاس میں ملک میں کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے اقدامات کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تحقیق و ترقی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے چین سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

کمیٹی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کو 30 روز میں جامع منصوبہ پیش کرنے کے احکامات دیے جس میں ملک میں کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے خاص منصوبہ ترتیب دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:پی آئی اے کا نشہ کرنے والے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کے سیکریٹری نے کمیٹی کو کپاس کے شعبے سے متعلق مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کپاس کی مصنوعات کے ماہرین کو بھی اجلاس میں خصوصی دعوت دی گئی تھی جنہوں نے فصل کی بہتری کے لیے اپنی ماہرانہ رائے سے آگاہ کیا۔

ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ کپاس کے شعبے کی بہتری کے لیے قائم وفاقی ادارے کو بھی متعلقہ وزارت کا منصوبہ پیش کیا جائے گا۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کو ہدایت کی گئی کہ ‘پنک بالروم روپس’ ٹیکنالوجی کو سونڈی کے انسداد کے لیے فوری طور پر استعمال میں لایا جائے۔

ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کو ٹیکسٹائل ملز سے محصولات کے حوالے سے اقدامات کا بھی حکم دیا تاکہ اس شعبے میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فعال کیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں