پنجاب کے تعلیمی اداروں میں طلبا کا منشیات ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 13 فروری 2019
اگر اسکول والدین کو اضافی فیس واپس کرنے سے انکار کردیں تو 7251212-0336 پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہیں—فوٹو ٹوئٹر مراد راس
اگر اسکول والدین کو اضافی فیس واپس کرنے سے انکار کردیں تو 7251212-0336 پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہیں—فوٹو ٹوئٹر مراد راس

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے کے تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں طالب علموں کا منشیات ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا جس کے نتائج سے ان کے والدین کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان صوبائی وزیر برائے تعلیم مراد راس نے کیا، مذکورہ اقدام حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے محکمہ صحت، انسدادِ منشیات فورس کے تعاون سے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت تمام طلبا کا منشیات ٹیسٹ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف آپریشن شروع

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اسکولوں میں آئس نشے کے استعمال کی رپورٹس موصول ہورہی تھیں جس پر محکمہ تمام اسکولوں کا دورہ کرے گا اور ضلعی تعلیمی انتظامیہ کے چیف ایگزیکٹو افسران اپنے علاقوں کے منشیات سے پاک اسکولوں کو حلف نامے جاری کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اسکولز جنہیں حلف نامے دیے گئے اور ان میں ہونے والے ٹیسٹ کے دوران کسی طالب علم کا منشیات ٹیسٹ مثبت آیا تو ان اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تعلیم کی جانب سے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کسی بھی تعلیمی ادارے کے اطراف میں 500 گز کی حدود سے تمام پان سگریٹ کی دکانیں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر دکانیں طالب علموں کو منشیات فروخت کررہی ہیں یا سہولت کار کا کردار ادا کررہی ہیں‘۔

مزید پڑھیں: سینیٹ کمیٹی کی آئس نشے، سگریٹ کی فروخت پر پابندی کی سفارش

اسکولوں کی فیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت 5 ہزار سے زائد فیس لینے والے اسکول والدین کو 20 فیصد رقم واپس کریں گے، اگر کوئی اسکول اس عدالتی حکم پر 12 اپریل تک عملدرآمد کرنے میں ناکام رہا تو حکومت ایسے اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کر کے اس کو بند کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسکول والدین کو فیس کی اضافی رقم دینے سے انکار کردیں تو 7251212-0336 پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہیں اور اس قسم کی شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ پنجاب میں تعلیمی سال کا آغاز یکم اپریل سے کیا جائے گا جبکہ انرولمنٹ یکم مارچ سے شروع کردی جائے گی جبکہ گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے 11 گست تک کی جائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں