ملک میں گزشتہ سال 36 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق

13 فروری 2019
کراچی میں ہونے والا ایک حادثہ—فوٹو بشکریہ فیس بک
کراچی میں ہونے والا ایک حادثہ—فوٹو بشکریہ فیس بک

ہری پور: گزشتہ سال ملک بھر میں سڑک پر ہونے والے حادثات میں 36 ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔

ہلاکتوں کی اتنی بڑی تعداد کے باعث موٹروے پولیس اس طرح کی اموات کی روک تھام کے لیے اس بات کو یقینی بنانے کی کوششیں کررہی ہے کہ سڑکوں پر عوام ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

یہ بات موٹروے پولیس کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) علی یوسف زئی نے مقامی کالج میں طلبا کو ٹریفک قوانین کی آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یہ بھی پڑھیں: 90 فیصد ٹریفک حادثات ترقی پذیر ممالک میں

ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ اعداد شمار کے مطابق دنیا بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے ہر سال 12 لاکھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ڈرائیورز اور موٹر سائیکل سواروں میں ٹریفک قوانین اور سڑکوں کی علامتوں کا شعور بیدار کر کے اموات کی اس تعداد میں بڑی حد کمی لائی جاسکتی ہے۔

علی یوسف زئی کا مزید کہنا تھا کہ موٹروے پولیس نے ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرنے والے افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا آغاز کردیا جس کے تحت ڈرائیوروں پر بھاری جرمانے عائد کر کے دورانِ سفر موبائل فونز، ہینڈز فری آلات اور ہیڈ فونز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ’ٹریفک حادثات میں روزانہ 3 جاں بحق، 7 معذور‘

انہوں نے طلبا کو ہدایت کی کہ کار یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے احتیاط سے کام لیں کیوں کہ زندگی سب سے قیمتی شے ہے۔

دوسری جانب دو علیحدہ واقعات میں ایک خاتون اور ایک مرد جاں بحق ہوگئے۔

سرائے صالح پولیس کے مطابق نورین بی بی خاتون اندھی گولی کا شکار ہو کر ہلاک ہوئی جس پر نامعلوم شخص کے خلاف مقدمے کا اندراج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

دوسری جانب پیر سوہاوا کے گاؤں کومل گلی میں سڑک کنارے کھائی میں ٹریکٹر گرنے سے تنویر نامی شخص ہلاک ہوگیا۔


یہ خبر 13 فروری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں