27 سالہ بھارتی لڑکی کی کمپنی کو ’یونیوکورن اسٹیٹس‘ کا اعزاز ملنے کا امکان

اپ ڈیٹ 13 فروری 2019
انکیتی بوسن کا تعلق بھارت کے شہر ممبئی سے ہے—فوٹو بشکریہ فیس بک
انکیتی بوسن کا تعلق بھارت کے شہر ممبئی سے ہے—فوٹو بشکریہ فیس بک

بنگلور: بھارتی ای کامرس فیشن کمپنی زیلِنگو، جس کی بنیاد ممبئی کی رہائشی 27 سالہ انکیتی بوس نے رکھی تھی یونیکورن اسٹیس کے قریب پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ یونیکورن اسٹیٹس سے مراد نجی طور پر شروع کی جانے والی کسی کمپنی کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنا ہے۔

انکیتی بوس کی 4 سال قبل شروع کی گئی کمپنی کی مالیت 9 سو 70 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد وہ اس مالیت کی کمپنی کی چیف ایگزیکٹو افسر اور شراکت داری رکھنے والی پہلی بھارتی خاتون بن جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ویب ڈیولپمنٹ: آپ بھی یہ کاروبار کر سکتے ہیں

مذکورہ کمپنی کا ہیڈ کوارٹرز سنگاپور میں قائم ہے جبکہ اس کی تکینیکی امور بنگلور میں کمپنی کے شراکت دار دھروو کپور 100 افراد پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ دیکھتے ہیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انکیتی بوس نے 2012 میں سینٹ زیویئر کالج ممبئی سے ریاضی اور معاشیات میں گریجویشن کی سند حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ برس تک ایک خاتون انٹرپرینیور کو کاروبار کا آغاز کرنا آسان نہیں تھا اور خواتین انٹرپرینیور کی 57 ممالک کی فہرست میں 52ویں نمبر پر اور صرف سعودی عرب، ایران، الجیریا، مصر اور بنگلہ دیش سے آگے تھا۔

نیسکام کے سروے کے مطابق 2016 میں بھارت میں کاروبار کرنے والے خواتین کی تعداد 10 فیصد جبکہ 2017 میں 11 فیصد تھی جو 2018 میں اضافے کے بعد 14 فیصد تک پہنچ گئی۔

اسی سلسلے میں انکیتی بوس کا کہنا تھا کہ ’ذاتی طور پر میرے اس سفر میں بہت سے مردوں نے میرا ساتھ دیا لیکن ظاہر ہے اگر زیادہ خواتین انٹرپرینیور اس طرف آئیں گی تو چیزیں مزید بہتر ہوں گی۔

یہ بھی دیکھیں: خواتین کے لیے گھر بیٹھے کاروبار کرنے پر آگاہی

انکیتی اس سے قبل ایک گیمنگ اسٹوڈیو میں بحیثیت سافٹ ویئر انجینئر کام کرتی تھیں جس کے بعد ان کی ملاقات بنگلور میں 2014 کے اوآخر میں دھروو کپور سے ہوئی اور انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں سرمایہ کاری کا آغاز کیا۔

جس کے بعد 2015 میں زیلنگو کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا مقصد جنوب مشرقی ممالک مثلاً انڈونیشیا، فلپائن وغیرہ کو ایک آن لائن بازار فراہم کرنا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

saeed Feb 13, 2019 02:12pm
thats very nice,