بھارت: پل ٹوٹنے سے دلہا سمیت 15باراتی نالے میں گرگئے

اپ ڈیٹ 13 فروری 2019
ہال مالکان نے لڑکی والوں کو 3 لاکھ روپے ادا کیے — فوٹو: ہندوستان ٹائمز
ہال مالکان نے لڑکی والوں کو 3 لاکھ روپے ادا کیے — فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بھاررت کے گاؤں ہوشیار پور میں باراتیوں کے رقص سے پل ٹوٹنے کے نتیجے میں دلہا سمیت 15 افراد نالے میں گرگئے جبکہ 2 بچے زخمی ہوگئے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نوئیڈا سیکٹر 52 کے گاؤں میں یہ حادثہ 9 فروری کو رات ساڑھے 9 بجے اس وقت پیش آیا جب دلہا سمیت 15 افراد ایک چھوٹے سے پل پر رقص کررہے تھے کہ اچانک پل ٹوٹ گیا۔

ایک نالے کے اوپر بنایا گیا یہ پل اولیو گارڈن ویڈنگ بینکوئیٹ ہال کو اس کے لان کے گیٹ سے ملاتا ہے۔

جائے حادثہ پر موجود عینی شاہدین کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا باراتی 10 منٹ سے پل پر ڈانس کررہے تھے۔

سیکٹر 24 تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے بتایا کہ ’ساڑھے 9 بجے کے قریب ہمیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سیکٹر 52 کے گاؤں ہوشیارپور میں پل ٹوٹنے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد نالے میں گرگئے تھے‘۔

مزید پڑھیں: بھارت: دُلہے نے گولی لگنے کے باوجود شادی نہ چھوڑی

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 8 سال سے کم عمر 2 بچے بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج کے لیے قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

دُلہے کی شناخت 35 سالہ امیت یادو کے نام سے ہوئی جو ایک کاروباری شخص ہیں اور غازی آباد کے علاقے اندراپورم کے رہائشی ہیں جبکہ 32 سالہ دلہن سونم دہلی کے علاقے کوندلی کی رہائشی ہیں۔

سونم کے والد پھول کمار نے 9 فروری کو شادی کے لیے یہ بینکوئٹ بُک کروایا تھا۔

سیکیورٹی گارڈ جو کہ حادثے کے عینی شاہد بھی ہیں انہوں نے کہا کہ دلہن کے گھروالے پل کی دوسری جانب بارات کے استقبال کے لیے کھڑے تھے۔

گارڈ نے بتایا کہ ’تقریباً 15 باراتی پل پر 10 منٹ تک ناچتے رہے جبکہ دیگر باراتی لان میں چلے گئے تھے، پل پر رقص کے لیے رکنے والے باراتیوں میں دلہا بھی شامل تھا‘۔

امیت کے چھوٹے بھائی سمیت یادو نے کہا کہ پُل کے علاوہ شادی ہال سے باہر جانے کا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔

سمیت یادو نے کہا کہ ’ دلہن کے والدین پُل کی دوسری جانب دلہے کے استقبال کے لیے کھڑے تھے،یہ ہمارے لیے بہت شرمناک تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ نالے میں گرنے کی وجہ سے ہم میں سے اکثر افراد کے موبائل فون اورر جیولری کھوگئی تھی، اس جگہ کوئی ایمرجنسی یا متبادل راستہ نہیں تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: 17 سالہ لڑکے سے شادی پر خاتون گرفتار

اولیو گارڈن کے مالک شرما کا کہنا تھا کہ پل کا ٹوٹنا ایک حادثہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہم 15 برس سے کاروبار کررہے ہیں، ایسا حادثہ پہلی بار پیش آیا تھا‘۔

شرما کا کہنا تھا کہ ’ ہم نے معافی مانگی اور لڑکی والوں سے لیے گئے سارے پیسے واپس کردیے تھے، حادثے کے بعد شادی کی تقریب دوبارہ شروع ہوگئی تھی‘۔

دلہن کے والد نے کہا کہ ’ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا اور ہمارے نقصان کی تلافی کے لیے آرگنائزر نے ہمیں 3 لاکھ روپے ادا کیے تھے، ہم شکایت درج نہیں کروانا چاہتے تھے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں