بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری جاں بحق

13 فروری 2019
آخری رپورٹس آنے تک علاقے میں بھارتی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری تھا — فائل فوٹو/ اے ایف پی
آخری رپورٹس آنے تک علاقے میں بھارتی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری تھا — فائل فوٹو/ اے ایف پی

سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں قابض انڈین فورسز نے تازہ ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو قتل کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ضلع بڈگام میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فورسز نے علاقے کو گھیر کر گھر گھر تلاشی لی۔

رپورٹ کے مطابق قابض فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کا امریکی کمپنی سے 72 ہزار سے زائدخودکار رائفلز کا معاہدہ

آخری رپورٹس آنے تک علاقے میں بھارتی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری تھا۔

ادھر انڈین آئین کے آرٹیکل 35 اے کو چیلنج کرنے سے متعلق دائر پٹیشن اور رواں ہفتے اس پر سماعت کے سلسلے میں کشمیر میں 2 روز کی مکمل شٹر ڈان ہڑتال کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی آئین کا آرٹیکل 35 اے مقبوضہ جموں و کشمیر کے قانون سازوں کو ریاست کے مستقل رہائشی افراد کے بارے میں اور ان کے خصوصی حقوق اور ذمہ داریوں کی وضاحت کرنے سے متعلق ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی وجہ سے وادی میں تمام کاروبار معطل رہا جبکہ سڑکوں پر سے ٹریفک بھی غائب رہی۔

یہ بھی پڑھیں: یاسین ملک کی کشمیر میں مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر تنقید

دوسری جانب بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو سری نگر میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے بھارت مخالف مظاہروں کو روکا جاسکے۔

گزشتہ روز بھارتی فوج نے امریکی اسلحہ ساز کمپنی سیگ سیوگر سے ہنگامی بنیادوں پر 72 ہزار 400 خود کار رائفلز کی خریداری کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے اور 93 ہزار کاربین رائفلز کا معاہدہ آخری مراحل میں ہونے کے حوالے سے بتایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں