بلوچستان: قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے والا سرکاری ملازم گرفتار

نیب حکام کے مطابق ملزم پر 4 کروڑ 46 لاکھ روپے کے غبن کا الزام ہے — فوٹو: شٹر اسٹاک
نیب حکام کے مطابق ملزم پر 4 کروڑ 46 لاکھ روپے کے غبن کا الزام ہے — فوٹو: شٹر اسٹاک

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کروڑوں روپے کی بد عنوانی کے الزام میں بلوچستان کے محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجیئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو انجینئر غلام سرور بگٹی کو گرفتار کرلیا۔

نیب کے مطابق غلام سرور بگٹی پر 4 کروڑ 46 لاکھ روپے بد عنوانی کا الزام ہے۔

ملک میں بد عنوانی کی تحقیقات کرنے والے ادارے کے حکام نے بتایا کہ ملزم نے 2017 میں قومی خزانے کو 4 کروڑ 46 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: نیب نے غبن کے الزام میں رکنِ صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرلیا

خیال رہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے نیب بلوچستان کے ڈائریکٹر محمد عابد جاوید نے وارنٹ جاری کیے تھے، جنہیں حراست میں لینے کے بعد نیب کے ریجنل دفتر میں منتقل کردیا گیا۔

نیب حکام کے مطابق ملزم کو جلد احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گیا، جہاں عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

نیب کے مطابق ملزم کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا نیب بلوچستان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

6 فروری 2018 کو نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور بلوچستان کے سابق وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسو کو غبن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ 6 ستمبر 2017 کو سپریم کورٹ نے نیب کو ’کرپشن کا سہولت کار‘ قرار دیتے ہوئے نیب بلوچستان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں