کنگنا رناوٹ کا اپنی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

14 فروری 2019
اداکارہ خود ہی فلم کی ہدایات دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ خود ہی فلم کی ہدایات دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ’کوئین‘ کنگنا رناوٹ جن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی تاریخی ڈرامہ فلم ’منی کارنیکا‘ دنیا بھر سے 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب گئی ہے وہ جلد ہی اپنی زندگی پر فلم بنانے کا کام شروع کردیں گی۔

’منی کارنیکا‘ میں جھانسی کی رانی یعنی لکشمی بائی کا کردار ادا کرنے والی کنگنا رناٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی لکھنے پر جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا۔

پنک ولا کے مطابق اداکارہ نے بتایا کہ فلم ’منی کارنیکا‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی لکھاری کاویا وجندرا نے انہیں اپنی زندگی پر فلم بنانے کا مشورہ دیا تھا۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ وہ کاویا وجندرا کے مشورے سے ڈر گئی تھیں، تاہم بعد ازاں وہ ان کی تجویز پر مان گئیں اور انہوں نے انہیں ہی فلم کی کہانی لکھنے کا ٹاسک دے دیا۔

اداکارہ خود ہی فلم کی ہدایات دیں گی—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
اداکارہ خود ہی فلم کی ہدایات دیں گی—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ خود ہی اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایات دیں گی اور انہوں نے فلم کی کے کچھ ارکان کو بھی منتخب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’منی کارنیکا‘ 100 کروڑ کمانے میں کامیاب

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں ان کی زندگی کے ہر اتار چڑھاؤ کو دیکھا جائے گا۔

اداکارہ نے فلم بننے سے قبل ہی اسے اپنے دل کے بہت قریب قرار دیا اور واضح کیا کہ فلم میں کسی شخصیت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صرف اپنی تعریف نہیں کریں گی۔

ممکنہ طور اداکارہ خود ہی اپنا کردار ادا کریں گی—فوٹو: فیس بک
ممکنہ طور اداکارہ خود ہی اپنا کردار ادا کریں گی—فوٹو: فیس بک

اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ فلم میں ان کا کردار وہ خود ہی ادا کریں گی یا کوئی اداکارہ ان کے روپ میں پردے پر دکھائی دیں گی۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ’منی کارنیکا‘ کی طرح جہاں وہ خود ہی اس فلم کی ہدایات دیں گی، وہیں وہ خود ہی اپنا کردار بھی ادا کریں گی۔

مزید پڑھیں: ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ لوگوں کو جھانسہ دینے میں کامیاب

خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اکتوبر یا نومبر تک فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا اور کچھ ہفتوں بعد فلم کی دیگر کاسٹ کی بھی تصدیق کی جائے گی۔

فلم میں نہ صرف کنگنا رناوٹ کی پیشہ ورانہ زندگی کو دکھائے جانے کا امکان ہے، ساتھ ہی ان کی حقیقی زندگی میں آنے والے مسائل کو بھی دکھایا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں ان کے رومانوی اسکینڈلز کو بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالےسے اداکارہ یا دیگر ذرائع نے فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ برس تک فلم ریلیز کی جائے گی—فوٹو: انسٹاگرام
خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ برس تک فلم ریلیز کی جائے گی—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں