شہباز شریف کی رہائی نیب کیلئے لمحہ فکریہ ہے، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 14 فروری 2019
شہبازشریف کی ضمانت سے معاشرے میں منفی اثر جائے گا—فوٹو: ڈان نیوز
شہبازشریف کی ضمانت سے معاشرے میں منفی اثر جائے گا—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے لیے لمحہ فکریہ قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ’یہ محض انکشاف ہے کہ شہباز شریف رہا ہوئے ہیں کیونکہ وہ قید ہی کب تھے، ہم انہیں اسلام آباد کی سڑکوں پر فراٹے بھرتے دیکھ رہے تھے‘۔

عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہاں مرغی چور کو اپنی ضمانت کے لیے کئی سال لگ گئے لیکن اگر 15 سو ارب روپے چوری کرنے والے کی ضمانت 90 روز سے کم میں ہوجاتی ہے‘۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت ان کی بے گناہی ثابت نہیں ہوتی، جبکہ ان کی ضمانت کو چیلنج کیا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے نیب پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ’نیب کو بھی یہ دیکھنا ہوگا کہ جن لوگوں کو کرپشن کیسز میں حراست میں لے رہے ہیں ان کے مقدمات کو منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچا رہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نیب کو یہ باتیں عوام کے سامنے رکھنی چاہیے، شہباز شریف کی ضمانت سے معاشرے میں منفی اثر جائے گا‘۔

صنعتی زونز میں گیس، بجلی فوری فراہم کرنے کا فیصلہ

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری سے متعلق بتایا کہ ’صنعتی زونز میں گیس اور بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’پوری دنیا سے ملک میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ وقت سے پہلے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاسوں میں اب تک 440 فیصلے لیے گئے، 6 ماہ میں کابینہ کے 26 اجلاس ہوئے جس کے 43 فیصلوں پر عمل درآمد ہونا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف فیصلوں کی منظوری

انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے نئے بورڈ کی منظوری دی گئی جس میں ظفر عثمانی نئے چیئرمین ہوں گے‘۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ’وفاقی کابینہ نے اوورسز پاکستانی اور بینکنگ میں وسیع تجربہ رکھنے والے عدنان غنی کو زرعی ترقیاتی بینک کا چیئرمین مقرر کیا ہے‘۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اوورسز پاکستانیوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ملک کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ واپس آکر اپنا تجربہ استعمال کریں‘۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا ہر 3 ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’نصیر خان کاشانی کو گوادر پورٹ اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے‘۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’مالیاتی ادارے کو ماضی میں شدید بحران کا سامنا رہا جس کے مارکیٹ شیئرز 100 فیصد سے کم ہو کر محض 28 فیصد رہ گئے تھے‘

انہوں نے بتایا کہ ’اسٹیٹ لائف کی ترقی کے لیے انتظامی سطح پر از سرنو نظام سازی کے لیے چیئرمین اسٹیٹ لائف کے منصوبے پر عملدرآمد ہو گا جس کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کی یونین پر ’اسینشل سروس ایکٹ‘ کے تحت پابندی لگا دی گئی ہے‘۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ’وفاق کو ملنے والے طبی ادارے شیخ زید ہسپتال اور کراچی کے جناح ہسپتال سے متعلق امور چلانے کے لیے کابینہ کو بریفنگ دی گئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کا آخری اجلاس: اصغر خان کیس پر عملدرآمد کا معاملہ آئندہ حکومت کیلئے چھوڑ دیا

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’وزیرا عظم عمران خان 18 فروری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں تاہم ان کی مصروفیات کے باعث یقینی طور پر نہیں کہا جا سکتا‘۔

’طالبان نمائندوں کے مذاکرات پاکستان میں ہوں گے‘

وفاقی وزیر نے افغانستان میں امن مذاکرات سے متعلق امور پر تصدیق کی کہ ’طالبان نمائندوں کے مذاکرات پاکستان میں ہوں گے‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خارجہ محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مسلم امہ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔

فواہد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

’وزیر اعظم خود سعودی ولی عہد کا استقبال کریں گے‘

فواد چوہدر ی نے سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان انتہائی منفرد قرار دیتے ہوتے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان از خود سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا استقبال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران معاشی معاہدوں پر دستخط ہوں گے، سعودی عرب گوادر میں 8 ارب ڈالر مالیت کی آئل ریفائنری لگائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 10ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے متوقع

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لیے ویزا فری پالیسی پر بھی کام کیا گیا ہے، جبکہ سعودی شہریوں کو پاکستان میں سیاحت کی سہولیات حاصل ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران پانی و بجلی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی منظوری دی جائے گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ بجلی کے 5 منصوبوں کے لیے ایک ارب 20 کروڑ 75 لاکھ ریال کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔

علاوہ ازیں دیامر بھاشا ڈیم کے لیے 37 کروڑ 50 لاکھ، مہمند ڈیم کے لیے 30 کروڑ، شونتر منصوبے کے لیے 24 کروڑ 75 لاکھ، جامشورو پاور پراجیکٹ کے لیے 15 کروڑ 37 لاکھ، جاگران ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 13 کروڑ 12 لاکھ ریال ملیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں