فلم سے قبل ہی’فروزن ٹو‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ

اپ ڈیٹ 16 فروری 2019
فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

زیادہ تر فلموں میں ہیروز اپنے ولن مخالفین کو مزہ چکھاتے وقت ایک ڈائلاگ بولتے نظر آتے ہیں کہ ’یہ تو ٹریلر تھا، ابھی فلم باقی ہے میرے دوست‘۔

اسی طرح اب اینیمیڈ سپر ہیرو فلم ’فروزن 2‘ کے ٹریلر نے بھی پوری فلم سے قبل نیا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

اینیمیٹڈ سپر فلم ہیرو فلم کا مختصر دورانیے کا ٹریلر 13 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، جس نے 24 گھنٹوں میں ہی نیا اعزاز اپنے نام کیا۔

والٹ ڈزنی اسٹوڈیو کی اس فلم کو یوں تو رواں برس کے آخر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم فلم کے ٹریلر کو ہی 24 گھنٹوں میں ریکارڈ افراد نے دیکھا۔

فلم کی پروڈکشن کمپنی نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ ’فروزن ٹو‘ کے ٹریلر کو دنیا بھر میں 24 گھنٹوں کے اندر 11 کروڑ 64 لاکھ بار دیکھا گیا۔

اس اعزاز کے بعد ’فروزن ٹو‘ کا ٹریلر وہ پہلا اینیمیڈ فلم ٹریلر ہے جسے 24 گھنٹوں میں اتنی بار دیکھا گیا۔

,

اس سے قبل سب سے زیادہ بار دیکھے جانے کا اعزاز انکریڈیبلز 2 کے ٹریلر کے پاس تھا، جسے 24 گھنٹوں میں 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ’فروزن ٹو‘ اینیمیٹڈ میوزیکل فنٹیسی فلم ’فروزن‘ کا سیکوئل ہے۔

فروزن کی پہلی فلم 2013 کو ریلیز کیا گیا تھا اب 6 سال بعد اس فلم کے سیکوئل کو نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

اس فلم میں بھی آنا اور ایلسا مرکزی کرداروں کے طور پر نظر آئیں گے جو اپنی سلطنت کی تاریخ جاننے کے لیے کوشاں دکھائی دیتے ہیں۔

پہلی فلم میں بھی اگرچہ وہ خصوصی اہلیتوں کے حامل تھے، تاہم اب انہیں مزید طاقتور دکھایا گیا ہے۔

فلم کے ٹریلر سے کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین نہ صرف سحر انگیز دنیا کے مناظر دیکھیں گے بلکہ شائقین کو فلم میں تجسس بھی دیکھنے کو ملے گا۔

فروزن ٹو کی ہدایات جینیفر لی اور کرس بک نے دی ہیں، جنہوں نے پہلی فلم کی ہدایات بھی دی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں