کراچی: فائرنگ سے جاں بحق پی ٹی آئی کے 2 کارکنوں کی نمازہ جنازہ ادا

اپ ڈیٹ 15 فروری 2019
شفقت سابق پولیس اہلکار بھی تھا —فوٹو: ڈان نیوز
شفقت سابق پولیس اہلکار بھی تھا —فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں جمعہ کو علی الصبح فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2 کارکنوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ 55 سالہ شفقت کو اورنگی ٹاؤن اور 27 سالہ عبدالرحمن کو سائٹ ایریا میں نشانہ بنایا گیا۔

مزیدپڑھیں: علی رضا عابدی کا قتل: پولیس کا 2 ’ملزمان‘ گرفتار کرنے کا دعویٰ

اقبال مارکیٹ کے ایس ایچ او عدیل احمد نے بتایا کہ ’ پی ٹی آئی کارکن شفقت رحمت چوک پر اپنے دوست کی دکان پر بیٹھا تھا جب موٹر سائیکل پر دو مسلح نامعلوم افراد قریب آئے اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شفقت جاں بحق ہوگیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول کے چہرے پر دو گولیاں لگیں تاہم انہیں عباسی شہید ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی کارکن کی موت کی تصدیق کردی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول سابق پولیس اہلکار تھا اور 25 سال ملازمت کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

ایس ایچ او عدیل کا کہنا تھا کہ ’شفقت کے قاتلوں کی گرفتارکے لیے دو زاویوں سے تفتیش شروع کردی کیونکہ وہ سابق پولیس اہلکار سمیت پراپرٹی کا کام بھی کرتا تھا‘۔

یہ بھی پڑھین: علی رضا عابدی سپرد خاک، گارڈ زیر حراست، تحقیقات میں اہم پیش رفت

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما واقعے کو ’سیاسی قتل‘ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

دوسری جانب سائٹ ایریا میں 27 سالہ عبدالرحمٰن کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جب وہ اپنی موبائل کی دکان بند کرکے گھر جارہا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’عبدالرحمٰن کو بھی موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے نشانہ بنایا‘۔

اس حوالے سے ضلع ویسٹ میں پی ٹی آئی کے حکام داوا خان صابر نے بتایا کہ دونوں مقتولین پی ٹی آئی کے کارکن تھے جن کی ’ٹارگٹ کلنگ‘ کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شفقت اورنگی ٹاؤن میں پارٹی انچارج تھا جبکہ عبدالرحمٰن سائٹ ایریا کے علاقے پٹھان کالونی میں ورکر تھا۔

مزیدپڑھیں: سابق وزیر قانون پنجاب کے قتل کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

دونوں مقتولین کی نماز جنازہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے رحمت چوک اور سائٹ ایریا میں ادا کی گئی جس میں پارٹی رہنماؤں کے علاوہ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں