پی ایس ایل: بابر اعظم، لیونگسٹن کا سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ

15 فروری 2019
اس سے قبل سب سےبڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ شرجیل خان اور شین واٹسن کے پاس تھا — فوٹو پی ایس ایل
اس سے قبل سب سےبڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ شرجیل خان اور شین واٹسن کے پاس تھا — فوٹو پی ایس ایل

کراچی کنگز کے بابر اعظم اور لیام لیونگسٹن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بابر اعظم اور لیام لیونگسٹن نے یہ کارنامہ کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے اپنے پہلے میچ کے دوران انجام دیا۔

دونوں اوپنرز نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلی وکٹ پر 157 رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔

اس سے قبل پی ایس ایل کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ شرجیل خان اور شین واٹسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے قائم کیا تھا۔

شرجیل خان اور شین واٹسن نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلتے ہوئے 153 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

اس شراکت میں شرجیل خان اور شین واٹسن نے 79، 79 رنز اسکور کیے تھے اور دونوں ہی کھلاڑیوں نے 7، 7 چھکے لگائے تھے۔

یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ شرجیل خان اور شین واٹسن نے بھی پہلی وکٹ پر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

پی ایس ایل کی تیسری سب سے بڑی شراکت 139 رنز کی ہے جو پشاور زلمی کے محمد حفیظ اور ڈیوڈ ملان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 2017 میں شارجہ کے میدان میں قائم کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں