پی ایس ایل: سلطانز نے یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 16 فروری 2019
ملتان سلطانز نے 126 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
ملتان سلطانز نے 126 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیزن میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

ملتان سلطانز نے پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں واپسی کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں گرفت ابتدا میں ہی مضبوط کرلی تھی۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 4 کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز سے ہی ملتان سلطانز کی تجربہ کار باؤلنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دباؤ میں لیے رکھا اور کسی بھی کھلاڑی کو آزادی کے ساتھ کھیلنے نہیں دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 5 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی نمایاں کارکردگی پیش نہیں کر سکا۔

دفاعی چیمپیئن اپنے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے علی شفیق سب سے نمایاں رہے جنہوں نے اپنے 4 اوور کے کوٹے میں صرف 11 رنز دیے اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے اپنے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 2، جنید خان نے 33 رنز دے کر 2 جبکہ محمد عرفان نے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ملتان سلطانز کا آغاز مایوس کن تھا اور جانسن چارلس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شان مسعود اور لوری ایوانس کے درمیان 37 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 40 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود بھی رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے فوری بعد 43 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان نے لوری ایوانس کو جبکہ 75 کے اسکور پر 14 رنز بنانے والے حماد اعظم کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 رنز بنائے اور ناقابلِ شکست رہے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں شاہد خان آفریدی نے مسلسل 2 گیندوں پر 2 چھکے لگا کر ملتان سلطانز کو سیزن کی پہلی کامیابی دلوائی۔

ملتان سلطانز کے علی شفیق کو شاندار باؤلنگ کی بنیاد پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم نے ایونٹ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے لاہور قلندر کو شکست دی تھی اور رن ریٹ کے حساب سے وہ اب بھی پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے۔

وہیں ایونٹ میں دوسری مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطان کی ٹیمز ٹورنامنٹ کا کامیاب آغاز نہیں کرسکی تھی اور اسے اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 7 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں