سابق امریکی پادری جنسی جرائم ثابت ہونے پر برطرف

17 فروری 2019
مک کارک ایک صدی کے دوران پہلے رومن کیتھولک ہیں جنہوں نے پادری ہونے کا عہدہ کھویا ہے۔ — فائل فوٹو/رائٹرز
مک کارک ایک صدی کے دوران پہلے رومن کیتھولک ہیں جنہوں نے پادری ہونے کا عہدہ کھویا ہے۔ — فائل فوٹو/رائٹرز

ویٹی کن سٹی: سابق امریکی پادری تھیوڈور مک کارک سے بچوں اور بڑوں کے ساتھ جنسی جرائم ثابت ہونے پر رومن کیتھولک پادری ہونے کا عہدہ لے لیا گیا۔

ویٹی کن کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ مک کارک جو واشنگٹن کے 2001 سے 2006 کے دوران پادریوں کے سربراہ کے عہدے پر بھی فائز رہے تھے، کے خلاف یہ فیصلہ حتمی ہے۔

ویٹی کن کے بیان میں کہا گیا کہ مک کارک کے جرائم زیادہ خطرناک تھے کیونکہ ان کے پاس اختیارات بھی تھے۔

واضح رہے کہ مک کارک ایک صدی کے دوران پہلے رومن کیتھولک ہیں جنہوں نے پادری ہونے کا عہدہ کھویا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب چرچ میں دہائیوں پرانے جنسی تشدد کا بحران جاری ہے جس کی وجہ سے کئی پادریوں پر الزامات سامنے آئے ہیں۔

ان احکامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پوپ فرانسس نے اشارہ دیا ہے کہ اعلیٰ عہدہ رکھنے والے افراد کا بھی احتساب کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ویٹی کن میں 80 فیصد پادری ہم جنس پرست؟

یہ فیصلہ ویٹی کن کونگریگیشن فور دی ڈاکٹرائن آف دی فیتھ کی جانب سے 3 روز قبل کیا گیا تھا جس کا اعلان ویٹیکن کے اجلاس کے بعد کیا گیا، اس اجلاس میں عالمی سطح پر جنسی زیادتیوں کے حوالے سے پیدا ہونے والے بحران پر بحث کی گئی تھی۔

مک کارک کا عہدہ چھین لیے جانے کا مطلب ہے کہ وہ خود کو آئندہ کے لیے پادری نہیں کہلوا سکتے۔

خیال رہے کہ مک کارک پر ایک امریکی شخص نے الزام لگایا تھا کہ 50 سال قبل وہ جب بچے تھے اور مک کارک نے ان کے خاس عضو کو چھوا تھا۔

اس کے علاوہ مختلف راہبوں، سابق راہبوں نے بھی مک کارک کے خلاف الزامات لگائے کہ جب وہ پادری بننے کے لیے تعلیم حاصل کر رہے تھے تو مک کارک نے اپنے اختیارات کا استعمال کرکے انہیں اپنے ساتھ سونے پر مجبور کیا تھا۔

واضح رہے کہ مک کارک نے ان الزامات پر عوامی سطح پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 17 فروری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں