واٹسن، عمر کی دھواں دار بیٹنگ، گلیڈی ایٹرز 7 وکٹوں سے کامیاب

اپ ڈیٹ 17 فروری 2019
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ — فوٹو: پی ایس ایل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ — فوٹو: پی ایس ایل

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آج کھیلے جانے والے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شین واٹسن اور عمر اکمل کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر لیوک رونکی کو آؤٹ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کی بنیادیں ہلادیں۔

یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کی جانب سے شاداب خان کو لیوک رونکی کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے بھیجنے کا تجربہ کیا گیا جو کامیاب نہ ہوسکا اور اسی اوور کی آخری گیند پر شاداب خان بھی بغیر کوئی رن بنائے سہیل تنویر کا شکار بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نقصان میں اضافہ 8 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب رضوان حسین 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں کیمرون ڈیلپورٹ نے حسین طلعت کے ساتھ 50 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو دباؤ سے نکالا لیکن گلیڈی ایٹرز کے اسپنر فواد احمد نے 19 رنز بنانے والے کمیرون ڈیلپورٹ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

حسین طلعت نے برق رفتار 30 رنز بنائے لیکن 76 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز نے انہیں بولڈ کردیا۔

آصف علی نے وین پارنیل کے ہمراہ اپنا جارح مزاج کھیل جاری رکھا، اور ٹیم کو 117 تک پہنچایا جس کے بعد وہ گیند باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں سہیل تنویر کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے وین پارنیل نے وقفے وقفے سے بڑھتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکور کو برق رفتار 41 رنز بنا کر 144 رنز تک پہنچادیا، لیکن وہ بھی 19ویں اوور میں سہیل تنویر کا شکار بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور پہلے ہی اوورز میں سمت پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

رومان رئیس نے 10 رنز بنانے والے ریلی روسو کو 32 کے اسکور پر آؤٹ کیا تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ یہ میچ یک طرفہ ثابت نہیں ہوگا، لیکن شین واٹسن نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی تمام امیدوں کو توڑ دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے برق رفتاری کے ساتھ 62 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد 94 کے اسکور پر عمر اکمل 44 رنز بنانے کے بعد چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیلپورٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شین واٹس نے اپنے روایتی کھیل جو جاری رکھتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ 67 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے 19ویں اوور میں اور ایونٹ میں ٹیم کو دوسری فتح سے ہمکنار کیا۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ شین واٹسن 28 کے اسکور پر محمد سمیع کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے، تاہم باؤلر کا پاؤں وکٹ پر لگنے کی وجہ سے یہ گیند نوبال قرار دی گئی۔

پی ایس ایل میں آج دبئی میں دو میچز کھیلیں جائیں گے، لیگ کا ساتواں اور آج کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے 5ویں میچ میں کل لاہور قلندرز نے حارث رؤف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز کھیل چکی ہے، پہلے میچ میں اس نے لاہور قلندرز کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس طرح یونائیٹڈ کے لیگ میں اب تک صرف 2 پوائنٹس ہیں۔

لاہور قلندرز نے بھی دو میچز کھیلے ہیں، پہلے میچ میں یونائیٹڈ سے شکست ہوئی جب کہ ہفتے (16 فروری) کو کراچی کنگز سے میچ جیت کر 2 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اب تک صرف ایک میچ کھیل چکی ہیں جن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں